ْ 25جولائی کا سورج تحریک انصاف اور کرپشن کے خاتمہ کی نوید لے کر طلوع ہوگا

، جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کے نتیجہ میں گیارہ اضلاع کے 5کروڑ عوام کو محرومیوں کے خاتمہ ،روزگار کے مواقع میسر آنے کے علاوہ زرعی انقلاب سے کسان خوشحالی کے نئے دور میں داخل ہوں گے ،گذشتہ دس سالوں کے دوران پنجاب کے سرکاری اداروں میں کرپشن ، وسائل کی لوٹ مار شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی مفاد پرستانہ و عوام دشمن پالیسی کا نتیجہ ہے،تحریک انصاف جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے جنرل سیکرٹری طاہر بشیر چیمہ کی پریس کانفرنس

منگل 17 جولائی 2018 19:03

چشتیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جولائی2018ء) تحریک انصاف جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے جنرل سیکرٹری و سابق ممبر قومی اسمبلی چوہدری طاہر بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ 25جولائی کا سورج تحریک انصاف اور کرپشن کے خاتمہ کی نوید لے کر طلوع ہوگا ۔ جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کے نتیجہ میں گیارہ اضلاع کے 5کروڑ عوام کو محرومیوں کے خاتمہ ،روزگار کے مواقع میسر آنے کے علاوہ زرعی انقلاب سے کسان خوشحالی کے نئے دور میں داخل ہوں گے ۔

گذشتہ دس سالوں کے دوران پنجاب کے سرکاری اداروں میں کرپشن ، وسائل کی لوٹ مار شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی مفاد پرستانہ و عوام دشمن پالیسی کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے مقامی صنعتکاروو زمیندار میاں عاطف متیانہ کی رہائش گاہ پر میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چشتیاں ، ڈاہرانوالہ ، بخشن خاں ، فقیر والی و دیگر علاقوں میں سیاسی سماجی کاروباری تنظیموں و مختلف برادریوں کے ہزاروں لوگوں نے تحریک انصاف کی امیدوار قومی اسمبلی فاطمہ طاہر بشیر چیمہ ، امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ 241 چشتیاں ملک مظفر خاں ،امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ 242 ڈاہرانوالہ محمدعبدالله وینس کی حمایت کرکے الیکشن میں کامیابی کو یقینی بنادیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چشتیاں میں گذشتہ پانچ سال کے دوران غیر معیاری، ناقص اور عوام دشمن ترقیاتی و تعمیراتی منصوبے مکمل کرائے اور سرکاری اداروں میں رشوت ، ناانصافی ، اقرباء پروری کے چرچے رہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ نیب کے ذریعے میگا پراجیکٹ، سیوریج منصوبے سمیت تمام منصوبوں کی تحقیقات کرائی جائے گی ۔ اس موقع پر امیدوار صوبائی اسمبلی ملک مظفر خاں نے اپنے خطاب میں کہا کہ گذشتہ 15سالوں سے چشتیاں کو دیانتدار مقامی لیڈر نصیب نہیں ہوا 25جولائی کے الیکشن میں کامیابی کے بعد چشتیاں شہر اور دیہات کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔