Live Updates

ولید اقبال کے زیر صدارت انتخابی مہم کیلئے اہم اجلاس،انتخابی مہم تیز کرنے کا فیصلہ

منگل 17 جولائی 2018 23:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف لاہور کے صدر ولید اقبال کے زیرصدارت پی پی 162میں اسلم جٹ کی رہائش گاہ پر اہم اجلاس ہوا جس میں الیکشن کیلئے لائحہ عمل اورحلقہ میں تحریک انصاف کی جاری انتخابی مہم پر تبادلہ خیال کرکے اہم فیصلے کئے گئے۔ اس موقع پر نعیم الحق، شیخ امتیاز، اویس انجم، روبینہ ایاز، رخسانہ نوید، محمد مقصود، محمد رفیق، اویس لودھی اور یاسین میو سمیت پارٹی کے دیگر عہدیداراورکارکنان موجود تھے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتخابی مہم پچیس جولائی کی آمد کے پیش نظر تیز کی جائیگی۔ اس موقع خطاب کرتے ہوئے ولید اقبال نے کہا کہ ماضی میں لوٹ مار کرنیوالی دونوں پارٹی مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی نے تحریک انصاف کیخلاف محاذ کھول رکھے ہیں کیونکہ تحریک انصاف نے ان کی باریوں کی سیاست کوختم کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ عوام یہ تماشا اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں اس لئے پچیس جولائی کو ان دونوں پارٹیوں کونظر اندازکرکے تحریک انصاف کو کامیاب کرائیں گے۔

ولید اقبال نے کہاکہ عمران خان ہی نہیں تحریک انصاف کے تمام امیدوارکامیاب ہوں، ہم دن رات انتخابی مہم چلارہے ہیں ہر دروازے پر دستک دے رہے ہیں انشاء اللہ عوام ہمیں مایوس نہیںکریں گے کیونکہ وہ جانتے ہیںکہ ملک میں نئی صبح صرف تحریک انصاف کے اقتدار میں ہی طلوع ہوسکتی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات