ایم کیوایم پاکستان کے نامزد حق پرست امیدواران برائے قومی و صوبائی اسمبلی کی کراچی بھر میں انتخابی مہم جاری

ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر و امیدوار این اے 255 ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا ناظم آباد گلبہار کی یوسی 45میں کارنر میٹنگ سے خطاب اور یوسی 46میں الیکشن آفس کا افتتاح

بدھ 18 جولائی 2018 00:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2018ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے حق پرست امیدواران برائے قومی وصوبائی اسمبلی کی الیکشن 2018 کے سلسلے میں کراچی بھر انتخابی مہم جاری ہے ۔ انتخابی مہم کے سلسلے میں حق پرست نامزد امیدواران کی جانب سے الیکشن دفاتر کے افتتاح، پرچم کشائیوں کی تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن میں حق پرست عوام وکارکنان بڑی تعداد میں شرکت کرکے نامزد امیدواران کو 25جولائی کے دن بھاری اکثریت سے کامیاب کرانے کے عزم کااظہار کر رہے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق انتخابی مہم کے سلسلے میں گزشتہ روز ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر و این اے 255کی نشست پر نامزد حق پرست امیدوار ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ناظم آباد گلبہار کی یوسی 45میں کارنر میٹنگ سے خطاب کیا اور یوسی 46میں الیکشن آفس کا افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی ایس 128کے امیدوار عباس جعفری بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن و این اے 251کے امیدوار امین الحق نے اپنے حلقہ انتخاب کی گبول کالونی سیکٹر 13G، جناح کالونی اور اتحاد ٹان میں بڑی کارنر میٹنگوں سے خطاب کیا جبکہ انہوں نے اتحاد ٹاؤن میں الیکشن آفس کا افتتاح بھی کیا۔

اس موقع پر پی ایس 119کے امیدوار علی خورشیدی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ این اے 253کے امیدوار اسامہ قادری نے پی ایس 123کے امیدوار وسیم قریشی کے ہمراہ نارتھ کراچی کی یوسی 1اور سیکٹر 5/Aاور 5/Bمیں 3علیحدہ علیحدہ انتخابی کارنر میٹنگوں سے خطاب کیا جن میں عوام وکارکنان نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔ این اے 254کے امیدوار شیخ صلاح الدین نے پی ایس 125کے امیدوار عبد الحسیب کے ہمراہ فیڈرل بی ایریا کی یوسی 13میں کھتری برادری اور نیو کراچی یوسی 27بلاک 17میں گودھرا برادریوں کے عمائدین سے ملاقاتیں کیں اور ان سے 25جولائی کو انتخاب میں تعاون کی اپیل کی جبکہ انتخابی مہم کے سلسلے میں انہوں نے نارتھ کراچی کی یوسی28بلاک 12میں الیکشن آفس کا افتتاح بھی کیا ۔

اسی طرح این اے 254کے امیدوار شیخ صلاح الدین نے پی ایس 126کے امیدوار آصف علی خان کے ساتھ فیڈرل بی ایریا یوسی 30بلاک 9یاسین آباد اور لیاقت آباد کی یوسی 38میں میں گھر گھر جاکر عوام سے رابطہ کیا ۔ این اے 256کے امیدوار عامر چشتی نے پی ایس 129کے امیدوار معاذ مقدم کے ہمراہ نارتھ ناظم آباد کی یوسی 22میں الیکشن آفس کا افتتاح کیا اور یوسی 45میں کارنر میٹنگ سے خطاب کیا اسی طرح انہوں نے پی ایس 130کے امیدوار جمال احمد کے ہمراہ نارتھ ناظم آباد کی یوسی 19میں مختلف برادریوں کے عمائدین سے ملاقاتیں کیں جبکہ یوسی 19امام بارگاہ کشمیری محلے میں ان کے سربراہاں سے ملاقاتیں کی اور نصرت بھٹو کالونی میں راجستھانی برادری کے عمائدین سے ملاقاتیں کیں ان سے الیکشن میں تعاون کی اپیل کی ۔

پی ایس 110کے امیدوار عادل عسکری نے اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں بزرٹہ لائن میں کرسچن کمیونٹی سے ملاقات کی۔ نامزد حق پرست امیدواران برائے قومی وصوبائی اسمبلی نے اپنے خطاب میں کہاکہ ملک کی یکجہتی ، ترقی اور خوشحالی کیلئے ایم کیوایم پاکستان اپنی جدوجہد کو جاری رکھے گی ، ملک میں مذہبی ، فرقہ وارانہ اورنسلی ہم آہنگی پیدا کرنے کی خواہاں ہے اس کے ساتھ ساتھ اختیارات اور وسائل کی نچلی سطح تک منتقلی ایم کیوایم کی جدوجہد کا مقصد ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم اپنے منشور کے مطابق مقامی پولیسنگ متعارف کرا کر امن و امان کے مسئلے پر قابو پائے گی اور پولیس کی پیٹرولینگ اور امن و امان کے قیام کی ذمہ داریوں میں عوامی نمائندگان کو شامل کریگی ۔ انہوں ایم کیوایم پاکستان الیکشن 2018 جیت کر اورنگی ٹان کے مسائل کو حل کرائے گی اور اس کے ساتھ کی جانے والی ماضی کی ناانصافیوں کا نہ صرف خاتمہ کرے گی بلکہ اس میں ملوث عناصر کا احتساب بھی یقینی بنائے گی ۔ حق پرست نامزد امیداوران برائے قومی وصوبائی اسمبلی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 25جولائی کو نامزد حق پرست امیدواران پر اپنے اعتماد کا بھر اظہار کریں اور ثابت کردیں کہ شہر کراچی اور سندھ کے شہری علاقے ایم کیوایم کے پلیٹ فارم پر متحدہ ومنظم ہیں۔