محمد شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی،حمزہ شہباز سمیت دیگر ن لیگی اراکین کیخلاف درج مقدمات کا ریکارڈ طلب

جمعرات 19 جولائی 2018 14:42

محمد شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی،حمزہ شہباز سمیت دیگر ن لیگی اراکین ..
لاہور۔19جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے نوازشریف کی آمد کے موقع پر محمد شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی،حمزہ شہباز، سمیت ن لیگی قیادت کیخلاف درج مقدمات کا ریکارڈ طلب کر لیا،لاہور ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس انوارالحق نے کیس کی سماعت کی، عدالت کے روبرو درخواست گزار مسلم لیگ ن لاہور کے صدر پرویز ملک کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ مقدمات کی بناء پر پچیس جولائی کو ہونے والے انتخابات کیلئے لیگی کارکنان کو اپنی انتخابی مہم جاری رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے،انہوں نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے انہیں مقدمات کی نقول فراہم نہیں کی جا رہی ہیں، آئین کے آرٹیکل دس اے کے تحت ہر شہری کو شفاف ٹرائل کا حق حاصل ہے، پولیس کی جانب سے مقدمات کی نقول کی عدم فراہمی کی بناء پر ضمانتوں کیلئے عدالت سے رجوع نہیں کیا جا سکتا ، جس پر عدالت نے ہوم سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب کونوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے 20 جولائی کو جواب طلب کیا ہے۔