عوام ساتھ ہو تو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی، میری سیاسی جدوجہد میں عوام کی شرکت ضروری ہے، عوام کو پنجاب بھر میں تیر کو کامیاب کروانا ہے، شوبازی اور کٹھ پتلی حکومت کے بجائے عوامی حکومت لانی ہے

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کاہنہ میں انتخابی جلسہ سے خطاب

جمعہ 20 جولائی 2018 02:10

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام ساتھ ہو تو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی، میری سیاسی جدوجہد میں عوام کی شرکت ضروری ہے، عوام کو پنجاب بھر میں تیر کو کامیاب کروانا ہے، شوبازی اور کٹھ پتلی حکومت کے بجائے عوامی حکومت لانی ہے۔ جمعرات کو یہاں کاہنہ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم گالم گلوچ کی سیاست نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد لاہور میں رکھی گئی تھی، لاہور میں میرا ستقبال مخالف قوتوں کو پیغام ہے۔ انہوں نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کی آمد نے ثابت کر دیا ہے کہ کل بھی بھٹو زندہ تھا، آج بھی بھٹو زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موقع ملا تو روزگار کی فراہمی اور غربت کا خاتمہ کریں گے، فوڈ کارڈز متعارف کروائیں گے، ہمارے ملک کی بڑی آبادی غذائی قلت کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام نے منتخب کیا تو پورے پاکستان میں بلاسود قرضے دیں گے، ہمارا منشور غربت کا خاتمہ ہے، ہم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام لائے۔ انہوں نے کہا کہ آج عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ لوگ پیپلز پارٹی کو پسند کرتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ دوسری سیاسی جماعتوں کو عوام کے درد کا احساس نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور عوام دوست ہے، میرا مقصد عوام کی خدمت ہے حصول اقتدار نہیں، میں تو ایک نظریئے کے ساتھ سیاستھ کے میدان میں آیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ گالم گلوچ کی سیاست وہ کرتے ہیں جن کے پاس کوئی نظریہ نہیں، میں گالم گلوچ کی سیاست کرتا ہوں نہ کروں گا، بھٹو کا نظریہ اور بی بی کا مشن لے کر آپ کے پاس آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عوام ترقی پسند اور روشن خیال پاکستان بنانے میں میرا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ دو نام نہاد سیاسی جماعتوں نے پنجاب کی سیاست کو یرغمال بنا رکھا ہے، دونوں جماعتوں کی سیاست صرف کرسی کیلئے ہے، ہمیں لاہور کی سیاست کو بچانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے منشور میں کسانوں کیلئے واضح پالیسی ہے، غریبوں کیلئے بھوک مٹائو پروگرام لا رہے ہیں، ہم نے سندھ میں 8 لاکھ خاندانوں کو غربت سے نکالا۔ اس سے قبل پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کھوکھر نیاز بیگ انٹرچینج پہنچنے پر کارکنوں نے پرتپاک استقبال کیا۔