امیدواروں کو ڈرانا دھمکانا اور الیکشن مہم سے روکنا کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں‘میاں مقصود احمد

کرپٹ اور لٹیرے سیاستدانوں نے ملک وقوم کو لوٹ کر بیرون ملک اپنی جائیدادیں بنائی ہیں‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

جمعہ 20 جولائی 2018 19:55

امیدواروں کو ڈرانا دھمکانا اور الیکشن مہم سے روکنا کسی بھی صورت میں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2018ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اسلام آباد میں ایم ایم اے کے امیدوار میاں محمد اسلم کے انتخابی کیمپ پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لے ، سوچی سمجھی سازش کے تحت انتخابی حالات خراب کیے جا رہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ،تمام دینی وسیاسی جماعتوں کو یکساں’’ پلے لیول فیلڈ‘‘ ملنی چاہے ۔

خوف و ہراس پیداکر کے امیدواروں کو ڈرانا دھمکانا اور الیکشن مہم سے روکنا کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ۔ ہمارے ملک کا یہ المیہ رہا ہے کہ آج تک کبھی پاکستان میں صاف شفاف اور غیر جانبدار انتخابات نہیں ہو سکے ۔ا نہوں نے کہا کہ25جولائی کو قوم گھر وں سے باہر نکلے اور اپنی ووٹ کی پرچی کاصحیح استعمال کرے ۔

(جاری ہے)

دھوکے بازوں کی باتوں میں مت آئیں۔

70 برسوں سے محض ایک ہی طبقہ مختلف روپ دھار کر ملک وقوم کی تقدیر کا مالک بنا بیٹھا ہے ۔اب وقت آگیا ہے کہ ان کے چنگل سے نجات حاصل کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اورپی ٹی آئی سمیت تما م جماعتوں میں جاگیر دار، وڈیرے اور سرمایہ دار موجود ہیں اس لئے وہ اشرافیہ کے مفادات کو تحفظ فراہم کرتی ہیں ۔ تینوں جماعتیںدکھاوے کی خاطر عوام کے حقوق کی بات کرتی ہیں مگر درحقیقت عوام اور انکے مسائل کے حل سے ان لوگوں کو کوئی سرو کار نہیں ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا تھا اس لئے ملک میں صرف اورصر ف اسلام کا نظام ہی چل سکتا ہے۔ ہمارے بعد آزاد ہونے والے ممالک ترقی کی منازل طے کررہے ہیں مگر بدقسمتی سے پاکستان ترقی کی بجائے تنزلی کی طرف جارہا ہے۔اب تک آنے والی حکمران جماعتوں کی نااہلی کی وجہ سے ملک مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے۔کرپٹ اور لٹیرے سیاست دانوں نے دونوں ہاتھوں سے ملک وقوم کو لوٹ کر بیرون ملک اپنی جائیدادیں بنائی ہیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کو لوٹنے والے تمام کرپٹ عناصر کامحاسبہ کیا جائے اور ان سے ہمیشہ کے لیے نجات حاصل کی جائے ۔میاں مقصود احمد نے مزید کہا کہ25جولائی کو عوام دینی جماعتوں کی کرپشن سے پاک دیانتدار اور جرات مندقیادت پر اعتماد کا اظہارکریں۔ہم برسراقتدار آکرمہنگائی،بیروزگاری،لاقانونیت،دہشتگردی،لوڈشیڈنگ جیسے سنگین مسائل کوترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اور غریب عوام کامعیار زندگی بہتربنائیں گے۔