بھارت تنازعہ کشمیر کے حوالے سے ضد اور ہٹ دھرمی کی پالیسی ترک کرے، سید علی گیلانی

اتوار 22 جولائی 2018 13:10

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ ضد ، ہٹ دھرمی، فوجی غرور اور نوآبادیاتی سوچ ترک کر کے تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے مثبت سوچ اپنا ئے ۔ انہوں نے پا کستان کی طرف سے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے فوجی انخلاء کی تازہ ترین پیش کش کا خیرمقدم کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ بھارت اس پیشکش کا مثبت جواب دے گا۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی صاف وشفاف پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرنے کے لیے ماحول سازگار بنانے میں مدد ملے گی اور بھارت کو عالمی سطح پر سیاسی اور سفارتی دبائو کے نتیجے میں پاکستانی اقدامات کا مثبت جواب دینا پڑے گا۔

(جاری ہے)

سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت نہ تو فوجی طاقت سے کشمیریوں کو مرعوب کرسکتا ہے اور نہ ہی یہاں خون کی ندیاں بہانے سے اسے کچھ حاصل ہوگا ۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل سے ہی جنوبی ایشیاء کی دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان مخاصمت اور محاذ آرائی کا خاتمہ ممکن ہے۔انہوںنے نئی دلی کی بدنامِ زمانہ تہاڑ جیل میں نظر بند حریت رہنمائوں اور دیگر کشمیریوں کوعدالتوں میں پیش نہ کرنے اور انکے خلاف فرضی گواہوں کی لمبی لمبی فہرستیں مرتب کرنے کی ظالمانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شبیر احمد شاہ، پیر سیف اللہ، الطاف احمد شاہ، ایاز اکبر، راجہ معراج الدین کلوال، شاہد الاسلام، نعیم احمد خان، شاہد یوسف، محمد اسلم وانی، ظہور احمد وٹالی اور فاروق احمد ڈار کو من گھڑت اور بے بنیاد کیسوں میں ملوث کرکے ان کے عدالتی ٹرائل کو جان بوجھ کر طول دیا جارہا ہے۔

سید علی گیلانی نے حریت رہنمائوں کے خلاف این آئی اے کی ظالمانہ کارروائیوں اور بے رحمانہ سلوک پر انتہائی دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہونے کا بھارت کا دعویٰ محض ایک ڈھونگ ہے۔سید علی گیلانی نے نظر بندوںکے حوصلوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے حوصلے ہر پست نہیں کیے جاسکتے۔ سید علی گیلانی نے کپواڑہ کے علاقے گلگام میں تیسری جماعت کے ایک کم سن طالب علم عمر فاروق ملک کے پر اسرار قتل پر دکھ کا اظہار کرتے غم زدہ لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے حریت رہنما غلام محمد خان سوپوری کے برادر نسبتی محمد اسماعیل گلکار کے انتقال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔