ڈاکٹرزکی الیکشن ڈیوٹی کے باعث کراچی کے اسپتالوں میں اسٹاف کی عدم دستیابی

عام انتخابات میں سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی تعینات ہوگی لیکن ڈیوٹی سے متعلق صورتحال سنگین ہوسکتی ہے،ذرائع

اتوار 22 جولائی 2018 17:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) کراچی کے سرکاری اسپتالوں کے ملازمین اور ڈاکٹر الیکشن ڈیوٹی پر مامورکردئیے گئے ہیں۔ لیاری جنرل اسپتال ، لیاقت آباد ، کورنگی ، سعود آباد ،ابراہیم حیدری، قطر اسپتال اورنگی ٹائون،سول اسپتال اورعباسی شہید اسپتال کے ملازمین الیکشن ڈیوٹ میں مصروف ہونگے۔لیاری جنرل اسپتال کے 165میں سے 156ڈاکٹروں کو الیکشن ڈیوٹی پر تعینات کردیاگیاہے۔

اسپتال کے محض 9ڈاکٹراسپتال چلائیں گے۔

(جاری ہے)

کورنگی اسپتال کے 300ملازمین میں سے 122ملازمین الیکشن ڈیوٹی پرمامورہوں گے۔ابراہیم حیدری کے 164ملازمین میں سے 90ملازمین الیکشن ڈیوٹی اداکریں گے۔قطر اسپتال اورنگی ٹائون کے 500ملازمین میں سے 400ملازمین کو الیکشن ڈیوٹی پر لگا دیا گیاہے۔بلدیہ عظمی کے اسپتالوں کے 600ڈاکٹروں سمیت 1500ملازمین الیکشن ڈیوٹی پر مامورہیں۔ انتخابات کے روز کسی غیرمعمولی صورتحال سے نمٹنے کیلیے اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ ہوگی مگر ڈاکٹرزاورملازمین کی عدم دستیابی کے باعث صورتحال خراب ہوسکتی ہے۔