پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور کی منی لانڈرنگ کیس میں 6روزہ حفاظتی ضمانت

ایف آئی اے نے سیاسی مقدمات درج کیے ور اس کا مقصد انتخابات میں حصہ لینے سے روکنا ہے،درخواست میں موقف

پیر 23 جولائی 2018 21:13

پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور کی منی لانڈرنگ کیس میں 6روزہ حفاظتی ..
لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور نے منی لانڈرنگ کیس میں حفاظتی ضمانت کرالی،سندھ ہائیکورٹ سرکٹ بینچ نے ضمانت کی منظوری دی۔ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار نجی بینک کے سربراہ حسین لوائی کے خلاف چالان جمع کرایا جس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کو مفرور ملزم قرار دیا گیاتھا۔

(جاری ہے)

فریال تالپور نے ضمانت کیلئے سندھ ہائیکورٹ لاڑکانہ بنچ سے رجوع کیا جہاں ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے درخواست ضمانت دائر کی،سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس ارشاد احمد شاہ اور جسٹس رشید سومرو پر مشتمل بینچ نے درخواست پر سماعت کی جس دوران فریال تالپور نے عدالت میں موقف اپنایا کہ ایف آئی اے نے سیاسی مقدمات درج کیے ور اس کا مقصد انتخابات میں حصہ لینے سے روکنا ہے۔عدالت عالیہ کے بینچ نے پیپلزپارٹی کی رہنما کے موقف کو تسلیم کرتے ہوئے ان کی 6 روزہ حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔