پاکستان راہ حق پارٹی کا ایبٹ آباد میں بڑا پاور شو، سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل افراد ریلیوں کی شکل میں جلسہ گاہ پہنچے

پیر 23 جولائی 2018 21:39

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2018ء) پاکستان راہ حق پارٹی نے ایبٹ آباد میں بڑا پاور شو کیا، سینکڑوں گاڑیوں و موٹر سائیکلوں پر مشتمل افراد ریلیوں کی شکل میں جلسہ گاہ پہنچے۔ امیدوار حلقہ این اے 16 حاجی ایاز خان جدون، امیدوار حلقہ پی کے 36- سردار عمران ظفیر، امیدوار پی کے 36 مولانا عبدالله عباسی کی پوزیشن انتہائی مستحکم ہو گئی، آنے والا دور ملک عزیز میں اسلام پسندوں کا ہے، ملک سے کرپشن، مہنگائی، کا خاتمہ کر کے ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار اہلسنت والجماعت کے مرکزی صدر علامہ اورنگزیب فاروقی نے ایبٹ آباد میں اپنی پارٹی کے نامزد امیدواروں کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں منعقدہ فوارہ چوک میں بڑے جلسہ عام سے ٹیلی فونک خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر علامہ مسعود الرحمن عثمانی، حافظ اقرار احمد عباسی، مولانا عطا محمد دیشانی، حاجی ایاز خان جدون، سردار عمران ظفیر، مولانا عبدالله عباسی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان راہ حق پارٹی کا شمار ملک عزیز کی بڑی سیاسی مذہبی جماعتوں میں ہو گا اور 25 جولائی کو انشاء الله قوم کو بڑی خوشخبری ملے گی۔