الیکشن 2018،فہمیدہ مرزاجنرل نشست سے مسلسل 5 بار جیتنے والی پہلی خاتون بن گئیں

جمعہ 27 جولائی 2018 17:31

الیکشن 2018،فہمیدہ مرزاجنرل نشست سے مسلسل 5 بار جیتنے والی پہلی خاتون ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2018ء) ملک بھر میں عام انتخابات 2018 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے جس میں نئے نئے ریکارڈز بھی بن رہے ہیں۔ایسا ہی ایک ریکارڈ سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہیدہ مرزا نے بھی بنا دیا ہے جو ایک ہی حلقے کی جنرل نشست سے مسلسل 5 بار الیکشن جیتنے والی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ طویل عرصے سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والی فہمیدہ مرزا اس بار گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس(جی ڈی ای) کے پلیٹ فارم سے اپنے آبائی حلقے این اے 230بدین کی نشست پر کھڑی ہوئیں اور اس بار بھی فتحیاب ہوئیں۔انہوں نے پیپلز پارٹی کے امیدوار حاجی رسول بخش چانڈیو کو معمولی ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔فہمیدہ مرزا نے سال1997سے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

سال2008 کے انتخابات کے بعد وہ قومی اسمبلی کی 18ویں اسپیکر بھی رہ چکی ہیں اور وہ اس عہدے پر منتخب ہونے والی پہلی خاتون تھیں۔ان کے شوہر ذوالفقار مرزا بھی اہم حکومتی عہدوں پر فائز رہے جبکہ وہ سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی دوست بھی سمجھے جاتے ہیں تاہم اختلافات کے باعث دونوں نے اس بار پیپلز پارٹی کے خلاف قائم اتحاد کے پلیٹ فارم سے الیکشن میں حصہ لیا۔