الیکشن کمیشن کی26 حلقوں میں دوبارہ گنتی کی اجازت

ان انتخابی حلقوں میں 15قومی اسمبلی اور11صوبائی اسمبلیوں کے حلقے شامل ہیں۔ترجمان الیکشن کمیشن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 30 جولائی 2018 16:54

الیکشن کمیشن کی26 حلقوں میں دوبارہ گنتی کی اجازت
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 جولائی 2018ء) : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے دوبارہ گنتی کی درخواست منظور کرلی،الیکشن کمیشن نے 26 حلقوں میں دوبارہ گنتی کروانے کی اجازت دے دی ہے، الیکشن کمیشن نے دوبارہ گنتی کی اجازت فارم49 موصول ہونے کے بعد دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کے پاس 58 امیدواروں نے دوبارہ گنتی کیلئے درخواستیں الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروائیں۔

الیکشن کمیشن نے 32 درخواستیں مسترد کردیں جبکہ باقی درخواستیں منظورکرتے ہوئے 26 حلقوں میں دوبارہ گنتی کروانے کی اجازت دے دی ہے۔ ان انتخابی حلقوں میں 15 قومی اسمبلی اور 11 صوبائی اسمبلیوں کے حلقے شامل ہیں۔قومی اسمبلی کے حلقوں میں این اے 129 لاہورایاز صادق،این اے 57 راولپنڈی شاہد خاقان عباسی، این اے 15ایبٹ آبادعلی اصغر خان،این اے 10 شانگلہ، این اے 158،این اے 117 بلال ورک،این اے 159ملتان، این اے 110فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب،این اے 140قصور، این اے 170بہاولپور سمیت دیگر حلقے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح صوبائی اسمبلیوں کے 11حلقے کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔الیکشن کمیشن نے 37 حلقوں میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردی ہے۔ الیکشن کمیشن نے ان حلقوں کوکھولنے کی اجازت دی جن کا فارم 49 موصول ہوچکا ہے۔ واضح رہے عام انتخابات 2018ء میں شکست کھانے والی جماعتوں نے الیکشن کمیشن پر الزام عائد کیا ہے الیکشن میں شدید دھاندلی کروائی گئی ہے۔

مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی ، اے این پی ، جماعت اسلامی ، جمعیت علماء اسلام ف ، تحریک لبیک، ایم کیوایم پاکستان سمیت تمام جماعتوں نے دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے الیکشن کومسترد کردیا تھا۔ اپوزیشن جماعتوں نے مطالبہ کیا تھا کہ دوبارہ الیکشن کروائے جائیں تاکہ جمہوریت چل سکے۔اپوزیشن جماعتوں نے اسمبلیوں میں حلف نہ اٹھانے کا اعلان بھی کیا تھا۔ اسی طرح مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے امیدواروں نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں میں دوبارہ گنتی کروانے کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم اب الیکشن کمیشن نے دوبارہ گنتی کروانے کی درخواستیں منظور کرلی ہیں۔