یوم شہداء پولیس شایان شان طریقے سے منایا جائیگا۔محکمہ پولیس

پیر 30 جولائی 2018 19:57

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2018ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا محمد طاہر نے 4اگست کو یوم شہدا پولیس کے طور پر منانے کے لیے تمام پروگراموں کے حتمی منظوری دے دی ہے۔ یوم شہداء پولیس کے تقریبات کے مختلف انتظامی اُمور کے لیے مرکزی کمیٹی کا اجلاس پیر کے روز سنٹرل پولیس آفس پشاور میں زیرصدارت آئی جی پی محمد طاہر منعقد ہوا۔

اجلاس میں اعلیٰ رینک کے سینئر پولیس حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں؂فیصلہ کیا گیاکہ اس سال یوم شہدائے پولیس کی تقریبات کا آغاز 31جولائی سے کیا جائے گا۔ پشاور سمیت تمام ریجنل اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میںتقریبات کا اہتمام کیا جائے گااور اس حوالے سے ہر ریجن کی سطح پر تقاریب منعقد ہونگے جن میں متعلقہ ریجن کے شہداء کے ورثاء کو مدعو کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

پشاور شہر اور تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز کے شہروں میں زیادہ سے زیادہ مقامات پر شہدا کیمپ لگائے جائیں گے جہاں شہدا کے پورٹریٹ آویزاں کئے جائیں گے اورکیمپ کا دورہ کرنے والی شخصیات اور عوام میں شہداء پولیس کے بارے میں بروشرزتقسیم کئے جائیں گے۔ علاقے کی نمایاں شخصیات اور تعلیمی/کاروباری/صنعتی اداروں اور این جی اوز کے وفود کو کیمپ کے دورے کی دعوت دی جائے گی اور ان دوروں کے میڈیا کوریج کا اہتمام کیا جائے گا۔

تمام کیمپوں کی سیکیورٹی اور حفاظت کا معقول بندوبست کیا جائے گا۔ شہدا کے بارے میں دستیاب ڈاکومینٹری/ویڈیو/فلم /ترانے وغیرہ کا بھی کیمپ میں اہتمام کیا جائے گا۔ اسی طرح شہر کے اہم مقامات پر بل بورڈز اور بینرزآویزاں کئے جائیں گے جن پر شہدا کے نام اور تصاویر ہوں گی۔تقریری مقابلے ٹرنینگ سکولوں اور پولیس کالج ہنگو میں منعقد کئے جائیں گے۔

ہر ضلع کی پولیس لائن میں بلڈ ڈونرز کیمپ لگائے جائیں گے جس میں سنیئر افسران سمیت ہر رینک کے افسران خون کا عطیہ دیں گے۔ اضلاع کی سطح پر مقامی ادبی اور علمی سوسائیٹیز اور ادبی ٹولنہ کے ساتھ ملکر مشاعروں کا اہتمام کیا جائے گا۔ سول سوسائٹی اور تعلیمی اداروں کے ساتھ ملکر امن واک نکالے جائیں گے۔جن جن اضلاع میں / اداروں میں یادگارشہداء ہیں وہاں رات کو شمعیں جلائی جائیں گی اور یادگارشہداء پر پھول چڑھائے جائیں گے۔

4اگست کوتمام تربیتی اداروں اور پولیس لائنز میں دن کا آغاز صبح سویرے قرآن خوانی سے کیا جائے گا اور شہدائے پولیس کی قبروں پر سلامی اور پھول چڑھانے کا اہتمام کیا جائے گا۔ 3اگست کو مقامی علمائے کرام یوم شہدائے پولیس کے حوالے سے اپنے خطبوں میں اسلام کے فلسفہ شہادت اور پولیس کی قربانیوں پر روشنی ڈالیں گے۔ 4اگست کی صبح ہر ضلع کے پولیس لائن میں شہدائے پولیس کی یاد میں سپیشل پریڈ کا اہتمام کیا جائے گا جس میں تمام افسران شرکت کریں گے جبکہ آر پی او/ڈی پی او خود پریڈ کا ملاحظہ کریں گے۔

4اگست کی شام نماز مغرب کے فوراً بعد ہر ضلع میں یوم شہدائے پولیس کی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس سلسلے کی مرکزی تقریب نشتر ہال میں ہو گی۔ تقریب میں تقاریر کے علاوہ شہدائے پولیس کو خراج عقیدت بھی پیش کیا جائے گا۔ شہدا کی فیملی کو گلدستے پیش کئے جائیں گے ۔ دوران ڈیوٹی بے پناہ بہادری اور دلیری کا مظاہرہ کرنے والے غازی پولیس افسران کی خدمات کا بھی اعتراف کیا جائے گا اور انکی طرف سے بھی شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

یوم شہداء پولیس کے تمام انتظامات کے لئے ضلع کی سطح پر ذمہ دار پولیس افسران پر مشتمل انتظامی کمیٹیاں بنائی جائیں گی۔ یوم شہدائے پولیس کی تمام تقریبات کی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں کوریج کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا۔ قومی اور مقامی اخبارات 4اگست کو خصوصی ایڈیشن شائع کریں گے اور ریڈیو پاکستان ایف ایم چینلز اور الیکٹرانک میڈیا کے چینلز خصوصی ٹاک شوز کا اہتمام کریں گے جسمیں پختونخوا پولیس شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کی جائے گی۔

یوم شہدائے پولیس کی تقریبات کے حوالے سے روزانہ کی سرگرمیوں پر مشتمل رپورٹ ہر روز سنٹرل پولیس آفس میں ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز کے دفتر میں قائم شہدا ڈسک کو بجھوائی جائے گی۔ سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، ایف آر پی، ایلیٹ پولیس، ٹرنینگ سٹاف اور ٹریفک پولیس سمیت ہر یونٹ کے افسران اور جوان اپنے متعلقہ علاقوں کی تقریبات میں شریک ہونگے۔ یوم شہدائے پولیس درحقیقت پولیس اور عوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے اور اشتراک عمل کو بڑھانے کا ایک سنہری موقع ہے جس سے بھر پور استفادہ وقت کی ضرورت ہے۔