الیکشن کمیشن نے عامر لیاقت کے خلاف کاغذاتِ نامزدگی میں غلط بیانی کیس نمٹادیا

ْ اپنی بیوی کے حوالے سے کچھ نہیں چھپایا، ابھی صرف ان سے نکاح ہوا ہے ،ْ عامر لیاقت کا موقف

پیر 6 اگست 2018 15:03

الیکشن کمیشن نے عامر لیاقت کے خلاف کاغذاتِ نامزدگی میں غلط بیانی کیس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف رہنما عامر لیاقت حسین کے خلاف کاغذاتِ نامزدگی میں غلط بیانی کے حوالے سے دائر درخواست نمٹادی۔کراچی کے رہائشی فیصل منظور نے الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے رہنما عامر لیاقت کے خلاف درخواست دائر کی تھی، جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ انہوں نے کاغذات نامزدگی میں اپنے کوائف غلط بیان کیے ،ْمذکورہ درخواست پر الیکشن کمیشن نے نومنتخب رکنِ اسمبلی کو طلب کرکے تحریری جواب جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔

پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 پر رکن اسمبلی منتخب ہونے والے عامر لیاقت حسین ای سی پی میں پیش ہوئے۔۔عامر لیاقت حسین نے ای سی پی میں پیش ہوکر موقف اختیار کیا کہ انہوں نے اپنی بیوی کے حوالے سے کچھ نہیں چھپایا، ابھی صرف ان سے نکاح ہوا ہے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ نکاح ہونے کے باوجود ان کی اہلیہ اپنے گھر ہی میں رہائش پذیر ہیں، ان کی رخصتی نہیں ہوئیں۔

عامر لیاقت حسین کا اپنی دوسری اہلیہ کے بارے میں کہنا تھا کہ دوسری اہلیہ ان کی منکوحہ ہیں، زوجہ نہیں ہیں اور نہ ہی وہ ان کے زیرِ کفالت ہیں۔انہوں نے کہا کہ نکاح کے بعد رخصتی کا عمل ہوتا ہے جو آئندہ ماہ ہوگا۔تحریک انصاف نے موقف اختیار کیا کہ کاغذاتِ نامزدگی میں زیر کفالت کا کالم تھا، اور دوسری اہلیہ میرے زیرِ کفالت نہیں بلکہ وہ ابھی اپنے والدین کے ہی زیرِ کفالت ہے۔عامر لیاقت حسین نے کہا کہ انہوں نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی میں کچھ نہیں چھپایا جس پر الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی رہنما سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔