ملک کے مختلف اضلاع میں پولیو مہم کا آغاز ہوگیا، پولیو وائرس کی روک تھام کیلئے انسداد پولیو مہم 10 اگست تک جاری رہے گی

پیر 6 اگست 2018 16:30

ملک کے مختلف اضلاع میں پولیو مہم کا آغاز ہوگیا، پولیو وائرس کی روک ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2018ء) ملک کے مختلف اضلاع میں پیر سے پولیو مہم کا آغاز ہوگیا۔ پولیو وائرس کی روک تھام کیلئے انسداد پولیو مہم 10 اگست تک جاری رہے گی۔ مہم سے رہ جانے والے بچوں کو 11 اور 12 اگست کے لئے خصوصی مہم بھی چلائی جائے گی۔ پنجاب، سندھ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے منتخب انتہائی حساس اضلاع میں پولیو کے خاتمے کی مہم تین روز جاری رہے گی۔

5 روزہ انسداد پولیو مہم میں 5 سال سے کم 36لاکھ 27ہزار بچوںکو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

پنجاب میں یہ مہم لاہور، راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ، راجن پور، فیصل آباد، ملتان، رحیم یار خان اور بہاولپور کے اضلاع میں چلائی جائے گی۔خیبرپختونخوا میں مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے تقریباً پینتالیس لاکھ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔اسی طرح بلوچستان میں پانچ سال تک کی عمر کے سترہ لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔سندھ کے مخصوص اضلاع میں بھی پانچ سال تک کی عمر کے ہربچے کوپولیو کے قطرے پلانے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کیلئے خصوصی سکیورٹی اقدامات کئے گئے ہیں۔