Live Updates

عمران خان کا اختر مینگل کے 6 نکات پر اتفاق کا اظہار

پاکستان تحریک انصاف اور بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل گروپ میں جلد معاملات طے ہونے کا امکان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 7 اگست 2018 12:21

عمران خان کا اختر مینگل کے 6 نکات پر اتفاق کا اظہار
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔07 اگست 2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اختر مینگل کے 6نکات پر اتفاق کا اظہار کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اور بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل گروپ میں جلد معاملات طے ہونے کا امکان ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عمران خان کو اختر مینگل کے 6 نکات سے متعلق بریف کیا ہے ۔

عمران خان نے اختر مینگل کے 6 نکات پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔اور جلد ہی اختر مینگل اور عمران خان کے درمیان ملاقات ہو گی۔جب کہ جمہوری وطن پارٹی کے شاہ زین بگٹی سے بھی مشاورت جاری ہے۔ یاد رہے اس سے پہلے پاکستان تحریک انصاف بلوچستا ن کے صدر سردار یار محمد رند اور پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق نے جمعرات کو بلوچستا ن ہائوس میں بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل سے ملاقات کی جس میں حکومت سازی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے رہنمائوں نے سرداراختر مینگل کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی دعوت دی۔ پی ٹی آئی وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار اخترمینگل نے کہا کہ اتحاد میں شمولیت کی دعوت پر تحریک انصاف کے وفد کا مشکور ہوں، پی ٹی آئی سے مثبت جواب ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تحریک انصاف کے سامنے بلوچستان کے مسائل رکھے ہیں، لاپتہ افراد کی بازیابی اور سی پیک پر عملدرآمد کا بھی ہم نے مطالبہ کیا ہے لہٰذا ہمیں مثبت جواب ملا تو ساتھ دینے کو تیار ہیں۔

بلوچستان کی وزارت اعلیٰ سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جے یو آئی اتحادی جماعت ہے، حکومت یا اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ مل کر کریں گے۔۔تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے مطالبات عمران خان کے سامنے رکھنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ عمران خان پہلے لیڈر ہوں گے جو بلوچستان کے مسائل حل کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات