کراچی ، 16 لاکھ سے زائد ووٹ مسترد کئے گئے پھر بھی الیکشن کمیشن کی انصاف کی آنکھ بند ہوگئی ہے، قاری محمد عثمان

منگل 7 اگست 2018 22:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2018ء) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہاکہ حالیہ انتخابات پاکستان کی تاریخ کے انوکھے انتخابات ہیں جنہیں ایک جماعت کے علاوہ پاکستان کی تمام جماعتوں نے مسترد کردیا ہے۔ 16 لاکھ سے زائد ووٹ مسترد کئے گئے پھر بھی الیکشن کمیشن کی انصاف کی آنکھ بند ہوگئی ہے ۔نہ جانے کل کے غدار آج کے محب وطن ،کل کے ڈاکو آج کے فرشتے، کل کے دہشت گرد آج کے شرفاء ، کل کے چور آج کے مظلوم ،قربان جاؤں اس معیار زندگی پر۔

وہ جامعہ عثمانیہ شیر شاہ میں الیکشن میں بھر پور تعاون اور محنت کرنے پر شیر شاہ کالونی کے ائمہ مساجد، ارباب مدارس، مختلف برادریوں کے نمائندوں اور معززین علاقہ کی ایک بڑی عوامی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مولانا شیرین محمد، حافظ محمد ادریس، حاجی محمد مسکین ،مولانا عمر فاروق، قاری محمد بشیر، انجینئر سلیم خان، انجینئر عبدالقیوم ،عزیز الرحمن عزیز، حافظ گلزار احمد، مفتی حبیب الرحمن ،مفتی سمیع اللہ شامزئی، مولانا گل رفیق، مولانا ضیاء الدین، قاری اسلام الدین، مولانا محمد فاروق ،مولانا احمد فراز اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔

قاری محمد عثمان نے کہاکہ جعلی مینڈیٹ اور بیساکھیوں پر کھڑی عمارت کی عمر بہت کم ہوگی ۔بدترین دھاندلی کے باوجود بھی حکومت سازی کیلئے 8 جماعتی غیر فطری اتحاد بناکر کل کے غداروں کو آج کی حب الوطنی جبکہ کل کے ڈاکوؤں کو آج کے شرفا کا لائسنس تھما دیا گیا۔ پھر بھی دونمبری کا خوف ہر گھڑی ذہنوں پر سوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8 اگست کو دھاندلی کے خلاف ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی بھر پور احتجاج ہوگا۔ جماعتی کارکن مقررہ اوقات اور مقامات پر جمع ہوکر پر امن احتجاج کو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے مقدس نام پر حاصل کیا گیا تھا ا سے قطعا یہودی اور مغربی اسٹیٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔#