وزیر دفاع جنرل (ر) نعیم خالد لودھی اور سیکرٹری دفاع جنرل (ر) ضمیر الحسن شاہ سے رشین فیڈریشن نائب وزیر دفاع کی ملاقاتیں

منگل 7 اگست 2018 22:48

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2018ء) سیکرٹری وزارت دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) ضمیر الحسن کی خصوصی دعوت پر رشین فیڈریشن کے نائب وزیر دفاع کرنل جنرل الیگزینڈر وی فومین کی قیادت میں وفد پاکستان رشین جوائنٹ ملٹری کنسلٹیٹو کمیٹی( جے ایم سی سی ) کے پہلے سیشن میں حصہ لینے کے لئے پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔

جے ایم سی سی کا افتتاحی اجلاس منگل کو وزارت دفاع راولپنڈی میں منعقد ہوا ۔

(جاری ہے)

مہمان شخصیت نے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعیم خالد لودھی اور سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) ضمیر الحسن شاہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔دوطرفہ بات چیت کے عمل کے دوران موجودہ دفاعی تعلقات کی موجودہ صورتحال اور اسے بڑھانے کے امور زیر غور آئے ۔پاکستان اوررشین فیڈریشن کے درمیان دفاعی تعاون کے لئے جے ایم سی سی سب سے اعلی فورم ہے ۔

جے ایم سی سی کے افتتاحی اجلاس میں دونوں ممالک نے مشرق وسطی اور افغانستان کے حالات سمیت دو طرفہ اور اہم بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سرکاری دورہ کے دوران رشین فیڈریشن کا یہ اعلی سطحی وفد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں سروسز چیفس سے بھی ملاقاتیں کریگا ۔