Live Updates

پنجاب اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب کرنے کا فیصلہ

نگران حکومت کی جانب سے گورنر پنجاب کو کل تک سمری بھجوا دی جائے گی

muhammad ali محمد علی بدھ 8 اگست 2018 22:11

پنجاب اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب کرنے کا فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اگست2018ء) پنجاب اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب کرنے کا فیصلہ، نگران حکومت کی جانب سے گورنر پنجاب کو کل تک سمری بھجوا دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اجلاس بلائے جانے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ خاص کر پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے خاصا انتطار کیا جا رہا ہے۔

اب اس حوالے سے نگران حکومت پنجاب نے اہم فیصلہ کیا ہے۔ نگران حکومت پنجاب نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں گورنر پنجاب کو خصوصی سمری بھجوائی جائے گی۔ نگران حکومت کی جانب سے گورنر پنجاب کو بھجوائی گئی سمری میں پنجاب اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب کرنے کی تجویز دی جائے گی۔

(جاری ہے)

سمری کی منظوری کی صورت میں گورنر پنجاب باقاعدہ اعلامیہ جاری کرکے پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیں گے۔

اجلاس میں نومنتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے اور پھر اس کے بعد اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور وزیراعلی کا انتخاب کیا جائے گا۔ دوسری جانب پنجاب کے وزیراعلی کا نام بھی سامنے آگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پنجاب کے وزیراعلی کا نام بھی فائنل کر لیا ہے۔ عمران خان نے چکوال سے پنجاب اسمبلی کی نشست پر منتخب ہونے والے راجہ یاسر ہمایوں کو پنجاب کا اگلا وزیراعلی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

راجہ یاسر تحریک انصاف کے نوجوان اور اعلی تعلیم یافتہ رہنما تصور کیے جاتے ہیں۔ جبکہ راجہ یاسر اچھی شہرت کے حامل بھی ہیں۔ ممکنہ طور پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان وزیراعلی پنجاب کے نام کا اعلان جمعرات کے روز کر دیں گے۔ راجہ یاسر ہمایوں سرفراز کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے۔ انہوں نے اپنی عملی سیاست کا آغاز 2013ء کے عام انتخابات سے محض تین ماہ قبل کیا اور قومی اسمبلی کے موجودہ حلقے حلقہ این اے 64 سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر تقریباً 48 ہزار ووٹ لیتے ہوئے سیاسی حلقوں کو حیران کر دیا تھا۔

راجہ یاسر نے پاکستان تحریک انصاف سے ہی سیاست آغاز کیا ہے۔ ان کے دادا راجہ سرفراز خان پنجاب یونیسٹ پارٹی میں رہے پھر مسلم لیگ میں شامل ہوئے۔ راجہ یاسر کا خاندان 1970ء کی دہائی میں پاکستان پیپلزپارٹی میں شامل ہوا۔ جبکہ 1985ء کے بعد ان کے خاندان میں سے کوئی بھی کبھی مسلم لیگ ن میں شامل نہیں رہا۔ راجہ یاسر نے ابتدائی تعلیم چکوال سے ہی حاصل کی مگر جوانی کے دن ایچی سن کالج لاہور میں پڑھتے گُزارے۔

ایچی سن سے پڑھنے کے بعد راجہ یاسر امریکہ چلے گئے جہاں کمپیوٹر انجینئرنگ اور پولیٹیکل سائنس میں یونیورسٹی آف فلوریڈا سے گرایجویشن کیا۔ یونیورسٹی آف فلوریڈا میں 1992ء میں پاکستان سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے صدر رہے۔ پھر انٹرنیشنل سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے صدر اور پھر سینئر سٹوڈنٹس باڈی کے صدر  بھی رہے۔ راجہ یاسر پہلے ایشیائی تھے جسے یہ اعزاز حاصل ہوا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات