Live Updates

عمران خان 18 اگست کو وزیراعظم کےعہدے کا حلف اُٹھائیں گے

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے تاریخ کا اعلان کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 10 اگست 2018 14:38

عمران خان 18 اگست کو وزیراعظم کےعہدے کا حلف اُٹھائیں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 اگست 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے وزیراعظم کے عہدے کا حلف لینے کی تاریخ سامنے آ گئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان کا کہنا ہے کہ عمران خان 18 اگست کو وزیراعظم کے عہدے کا حلف اُٹھائیں گے۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے یہ امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ عمران خان 15 اگست کو وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اُٹھائیں گے۔

نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک نے قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس 13 اگست کو بلانے کی سمری صدر مملکت کو بھجوادی تھی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے کامیاب ارکان کے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک نے قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس بلانے کی سمری صدر مملکت ممنون حسین کو بھجوائی، سمری میں نئی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو بلانے کی تجویز دی گئی۔

(جاری ہے)

پہلے اجلاس میں قومی اسمبلی کے نو منتخب ارکان حلف اٹھائیں گے پھر اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا اور اس کے بعد قائد ایوان کا انتخاب عمل میں آئے گا۔واضح رہے کہ 25 جولائی کو عام انتخابات ہوئے تھے اور آئین کے تحت نگراں حکومت کی جانب سے ہر حال میں 15 اگست تک قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس بلایا جانا ضروری ہے۔ ایوان صدر کو سمری موصول ہونے پر صدر مملکت ممنون حسین نے قومی اسمبلی کا اجلاس بُلانے کی منظوری بھی دے دی ہے۔

13 اگست کو ہونے والےقومی اسمبلی کے اجلاس میں نو منتخب ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔ قومی اسمبلی سے منتخب ہونے کے بعد عمران خان ایوان صدر میں وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے۔ صدر مملکت ممنون حسین عمران خان سے وزارت عظمیٰ کا حلف لیں گے۔ سینیٹر فیصل جاوید خان کے بیان کے مطابق عمران خان 15 یا 16 اگست کو نہیں بلکہ 18 اگست کو وزیراعظم کے عہدے کا حلف اُٹھائیں گے، تقریب حلف برداری ایوان صدر میں منعقد کی جائے گی جس میں صرف چند مہمانوں کو ہی مدعو کیا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات