Live Updates

پاک فوج کی قومی شجر کاری مہم میں بھرپور شمولیت

پاک فوج قومی شجرکاری مہم کے تحت ملک بھر میں ایک کروڑ پودے لگائے گی ۔ آئی ایس پی آر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 13 اگست 2018 14:04

پاک فوج کی قومی شجر کاری مہم میں بھرپور شمولیت
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 اگست 2018ء) : پاک فوج نے قومی شجرکاری مہم میں بھرپورشمولیت کا فیصلہ کر لیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج نے قومی شجرکاری مہم میں بھرپور شمولیت کا فیصلہ کیا۔ پاک فوج قومی شجرکاری مہم کے تحت ملک بھر میں ایک کروڑ پودے لگائے گی۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ شجر کاری کی مہم کا افتتاح کریں گے۔

ابتدائی طور پرآج سے ملک بھر میں 20 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔
یاد رہے کہ ماحولیاتی آلودگی اور دیگر مسائل کے پیش نظر ملک بھر میں پودے لگانا اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں سماجی کارکنان نے بھی عوام کو شجرکاری کرنے اور پودے لگانے کی ترغیب دی ہے۔

(جاری ہے)

موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر پاکستان تحریک انصاف نے بھی بلین ٹری سونامی کے نام سے ایک منصوبے کا آغاز کیا تھا جس کی تعریف عالمی اداروں نے بھی کی تھی۔

خیبرپختونخواہ میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد پارٹی سربراہ عمران خان نے صوبے میں ایک ارب درخت لگانے کا اعلان کیا جسے ناممکن قرار دیا گیا لیکن عمران خان کی زیر قیادت تحریک انصاف کی حکومت نے اس کو ممکن کر دکھایا جس کے بعد عالمی اداروں کی جانب سے بھی عمران خان کے بلین ٹری منصوبے کو کافی پذیرائی ملی۔ پاکستان میں ’’ورلڈ وائڈ فنڈ فار نیچر‘‘ WWF کے پروگراموں کے سینیئر ڈائریکٹر رب نواز نے تھامسن روئٹرز فاؤنڈیشن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا’’(اس منصوبے کی) حقیقی کامیابی حیرت انگیز ہے۔

یہ کامیابی محض درخت لگانے تک نہیں بلکہ رویوں میں تبدیلی کے حوالے سے بھی ہے۔‘‘ جبکہ پاکستان کے قومی خلائی تحقیقی ادارے سپارکو (SUPARCO) نے خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے ’بلین ٹری سونامی‘ منصوبے کی افادیت کی تصدیق کی تھی۔ تاہم اب پاک فوج نے بھی قومی شجرکاری مہم کا آغاز کیا ہے جس کے تحت ملک بھر میں ایک کروڑ پودے لگائے جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات