Live Updates

بحیثیت گورنر وفاق اور سندھ میں پل کا کردار اداکرنے کی کوشش کروں گا،عمران اسماعیل

گورنر کی حیثیت سے سندھ کے وزیراعلی کے ساتھ مل کر چلنا چاہتا ہوں، ہمیں تختی لگانے اور فیتے کاٹنے کا شوق نہیں،نامزد گورنر سندھ عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے اقدامات کریں گے، سندھ کیلئے وزیراعلی کا امیدوار جی ڈی اے سے ہوگا،اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو

پیر 13 اگست 2018 19:16

بحیثیت گورنر وفاق اور سندھ میں پل کا کردار اداکرنے کی کوشش کروں گا،عمران ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2018ء) سندھ کے نامزد گورنراورپاکستان تحریک انصاف کے رہنماعمران اسماعیل نے کہاہے کہ بحیثیت گورنر وفاق اور سندھ میں پل کا کردار اداکرنے کی کوشش کروں گا، گورنر کی حیثیت سے سندھ کے وزیراعلی کے ساتھ مل کر چلنا چاہتا ہوں، ہمیں تختی لگانے اور فیتے کاٹنے کا شوق نہیں بلکہ ہم تو سندھ کی مدد کرنے آئے ہیں۔

پیرکوسندھ اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھانے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہاکہ انہوں نے رکنِ سندھ اسمبلی کی حیثیت سے حلف اٹھایاہے اوراپنااستعفیٰ اسمبلی میں جمع کرادوں گا۔انہوں نے کہاکہ عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے اقدامات کریں گے، سندھ کیلئے وزیراعلی کا امیدوار جی ڈی اے سے ہوگا، سندھ اسمبلی میں اسپیکر کا امیدوار ایم کیو ایم جبکہ اپوزیشن لیڈر پی ٹی آئی سے ہوگا۔

(جاری ہے)

عمران اسماعیل نے کہا سندھ میں بے انتہا مالی بے ضابطگیاں ہوئی ہیں، امید ہے نیب اپنا کام کرے گی اور ہم اپنا کام کریں گے، کرپشن پر زیروٹالرنس ہے، 100فیصد احتساب چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مرادعلی شاہ کوساتھ ملکرمستقبل کی منصوبہ بندی کرنے کی آفرکی ہے، سندھ حکومت سے جھگڑا ہواتو کرپشن کے معاملے پر ہوگا، اپوزیشن میں کہیں پر بھی کسی قسم کا تنائو نہیں،صوبوں اور وفاق میں پل کا کردار ادا کروں گا۔

انہوں نے کہاکہ کسی پراجیکٹ کو رکنے نہیں دیں گے، احتساب ہم سے شروع کریں، کہیں قبضہ ہے تو ہم خود ختم کرائیں گے، عوام نے مینڈیٹ دیا ہے، ہم سندھ کی مدد کرنے آئے ہیں۔عمران اسماعیل نے کہا سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کا اعلان عمران خان کریں گے،مجھے کسی پراجیکٹ پر تختی لگانے کا شوق نہیں ہے، عوامی مسائل کے حل کیلئے سندھ حکومت کا ساتھ دیں گے۔

نامزد گورنر سندھ نے کہاکہ عمران خان کے وژن کو مکمل کرنا چاہتے ہیں، رورل اربن سینٹرز پروگرام کو شفافیت سے مکمل کریں گے اور اس کا تھرڈ پارٹی اڈٹ بھی کروایا جائے گا، عوام کی ٹینکر مافیا اور پانی کے مسائل سے جان چھڑائیں گے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کراچی سمیت پورے سندھ کے لیے بہت بڑا پیکیج دینا چاہتے ہیں،سندھ نے اپنا فیصلہ دے دیاہے لہٰذا اب لکیر پیٹنے سے کوئی فائدہ نہیں، چاہتے ہیں کہ اب معاملات کو آگے لے کر چلیں۔عمران اسماعیل نے کہاکہ کوشش ہے جی ڈی اے، ایم کیو ایم، پی پی اور تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلوں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات