اسپیکرقومی اسمبلی کیلئے خورشید شاہ اور اسد قیصر کے کاغذات نامزدگی جمع

آپ کے آنے سے پہلے ہم بلا مقابلہ انتخاب کا طریقہ دیکھ رہے تھے ،ْ سیکرپری قومی اسمبلی کا خورشید سے مکالمہ یہ تو میرے خلاف سازش تھی ،ْ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار سید خورشید شا ہ کا جواب قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران (آج)خفیہ رائے شماری کے ذریعے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا 25 سال سے پارلیمنٹ میں ہوں اور جتنے ممبران پارلیمنٹ میں آرہے ہیں سب سے اچھا تعلق ہے ،ْ سید خورشیدشاہ کی میڈیا سے با ت چیت

منگل 14 اگست 2018 13:41

اسپیکرقومی اسمبلی کیلئے خورشید شاہ اور اسد قیصر کے کاغذات نامزدگی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) اسپیکر قومی اسمبلی کیلئے تحریک انصاف کی جانب سے اسد قیصر اور ہم خیال جماعتوں کے امیدوار سید خورشید شاہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے۔ منگل کو تحریک انصاف کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کیلئے اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر کیلئے قاسم سوری نے اپنے کاغذات نامزدگی سیکرٹری قومی اسمبلی کے پاس جمع کرا دئیے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ بھی پارٹی رہنماوں کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاوس پہنچے جہاں انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، وہ متحدہ اپوزیشن کے نامزد امیدوار ہیں۔سیکرٹری قومی اسمبلی نے خورشید شاہ کے کاغذات نامزدگی وصول کیے اس موقع پر دونوں کے درمیان دلچسپ مکالمہ بھی ہوا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری قومی اسمبلی نے کہا کہ آپ کے آنے سے پہلے ہم بلا مقابلہ انتخاب کا طریقہ دیکھ رہے تھے جس پر خورشید شاہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ یہ تو میرے خلاف سازش تھی۔

اسپیکر قومی اسمبلی کیلئے خورشید شاہ کے تجویز کنندگان میں ان کے دیرینہ دوست سید نوید قمر، رمیش لعل، شازیہ ثوبیہ، مسرت مہیسر اور شاہدہ رحمانی شامل ہیں۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اسپیکر شپ کیلئے پی ٹی آئی کے اسد قیصر اور متحدہ اپوزیشن کے خورشید شاہ کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔یاد رہے کہ (آج) بدھ کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران خفیہ رائے شماری کے ذریعے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ 25 سال سے پارلیمنٹ میں ہوں اور جتنے ممبران پارلیمنٹ میں آرہے ہیں سب سے اچھا تعلق ہے۔سید خورشید شاہ نے کہا کہ ساری سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں ،ْپیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کی بالادستی کے لیے بات کی ہے۔