گڑھی حبیب الله میں نامعلوم ڈاکو واردات کے دوران 16 تولے سونا اور 65 ہزار روپے کی نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے

جمعرات 16 اگست 2018 14:56

مانسہرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) گڑھی حبیب الله میں نامعلوم ڈاکو واردات کے دوران 16 تولے سونا اور 65 ہزار روپے کی نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گڑھی حبیب الله سیری نرال کے رہائشی مشتاق خان کے گھر لاہور سے ان کے بہنوئی حاجی ریاض مہمان آئے ہوئے تھے، رات کو وہ اپنی گاڑی میزبان مشتاق خان کے گھر کے صحن میں کھڑی کر کے کمرے کا دروازہ کھلا چھوڑ کر سو گئے۔

رات تین بجے کے قریب نامعلوم چور گھر میں داخل ہوئے اور کمرہ میں ہینڈ بیگ اور اس میں موجود 16 تولے کے طلائی زیورات اور 25 ہزار روپے کی نقدی جبکہ صحن میں کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کر دو عدد پرس جن میں 40 ہزار روپے کی نقدی موجود تھی، چوری کر کے فرار ہو گئے۔ مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے ہیں اور فنگر پرنٹس ٹیم کی خدمات بھی حاصل کر لی ہے۔