دوسری گریٹ سپریم کورٹ مشن ڈیم فار پاکستان سائیکل ریس کا معرکہ کراچی ویسٹ کے نعیم احمدنے سر کرلیا

جمعرات 16 اگست 2018 19:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2018ء) سر اقبال فاؤنڈیشن کے چیئر مین علی اقبال بلوچ اور سندھ سائیکلنگ ایسو سی ایشن کے جنر ل سیکریٹری ملک کلیم احمد اعوان کی سپرویژن میں40کلومیٹر طویل ’’جشن آزادی پاکستان سر اقبال فاؤنڈیشن انویٹیشن گریٹ سپریم کورٹ مشن ڈیم فار پاکستان سائیکل ریس ‘‘ کراچی ویسٹ کے نعیم احمد نے انتہائی سنسنی خیز اور معرکعة الا را مقابلے کے بعد 58منٹ میں جیت لی ہے۔

سائیکل ریس کا افتتا ح 140تیز رفتار ترین سائیکلسٹوں کی ریکارڈ شرکت کے ساتھ مزار قائد کے وی وی آئی پی گیٹ سے سندھ اولمپکس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری احمد علی راجپوت نے چیف آرگنائزر کلیم اعوان کی تیز وسل پر فلیگ لہراکر کیا۔ کراچی ویسٹ کے وزیر علی نے 58منٹ 30سیکنڈ میں دوسری اور کراچی ساؤتھ کے منیب احمد نے 58منٹ 35سیکنڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

سائیکل ریس مزار قائد سے رینجرز ، پولیس اور ٹریفک پولیس کے کمانڈوز کی انتہائی سخت سیکورٹی میں روانہ ہوئی اور شاہراہ قائدین ، شاہراہ فیصل، ڈرگ روڈ، ملیر لانڈھی ، رزاق آباد ، نیشنل ہائیوئے سے ہوتی ہوئی اسٹیل ٹاؤن سے واپس ہوئی اور ملیر کورٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی جہاںمہمان خصوصی سر اقبال فاؤنڈیشن کے سربرا ہ علی اقبال بلوچ اور اہلیان ملیر نے سائیکلسٹوں کا پرتپاک و شاندار استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔

آخر میں ابتدائی تین پوزیشن حاصل کرنے والے سائیکلسٹوں میں علی اقبال بلوچ نے بلترتیب 10ہزار روپے ، 5ہزار روپے اور 3ہزار روپے بمعہ بیش قیمت گولڈن ٹرافیاں تقیسم کیںجب کہ بقیہ تمام سائیکلسٹوں کو 200روپے فی کس کے حساب سے اعزازیہ اور خصوصی سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے گئے۔