ْپیپلز پارٹی کے موجودہ دور حکومت کے پانچ سال گزشتہ ادوار سے مختلف ہوں گے،فردوس شمیم نقوی

جمعرات 16 اگست 2018 20:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن صوبائی اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے موجودہ دور حکومت کے پانچ سال گزشتہ ادوار سے مختلف ہوں گے۔ ہمیں امید ہے کہ جب پیپلز پارٹی کے پانچ سال پورے ہوں گے تو کراچی پہلے سے بہتر ہوگا۔ انہوں نے یہ باتیں سندھ اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ کراچی کی کوئی سڑک ٹوٹی ہوئی نہیں ہوگی۔ ٹیکس کا پیسہ آپ کراچی کی تعمیر و ترقی پر خرچ کریں گے۔ عوام کی دولت عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہونی چاہئے۔ صوبے میں جب تحریک انصاف کی حکومت آئے گی تو ہم اس سے بہتر کام کریں گے۔ تحریک انصاف کی حکومت آئے گی، یہ میں آپ کو بتا رہا ہوں۔

(جاری ہے)

امید رکھتا ہوں کہ آئندہ ایسا کام کریں گے جو تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔

ہم چاہتے ہیں کہ حکومت کا معیار بہتر سے بہتر ہو۔ معیار حکومت اتنا بلند کردیں کہ اس سے آگے جانے کے لیے نت نئی منزلیں ڈھونڈنی پڑیں۔ فیصلے کہیں اور ہوتے ہیں، فیصلے کرنے والے کہیں اور ہوتے ہیں۔ لوکل باڈیز کا جو قانون گزشتہ دور میں پاس ہوا وہ جمہوریت کے لیے شرمناک تھا۔ مراد علی شاہ مغرب کے پڑھے ہوئے انسان ہیں۔ انہوں نے دنیا دیکھی ہے اور جمہوریت کی روایات بھی دیکھی ہیں۔ میں مراد علی شاہ سے امید رکھتا ہوں کہ جمہوریت کے اصولوں کو فروغ دیں گے۔ مجھے یقین ہے کہ آپ ایک منصفانہ طرز حکومت قائم کریں گے۔ آپ غیر جانبدارانہ طرز حکومت پر یقین رکھتے ہیں۔ آپ یہ کر دکھائیے کہ سندھ میں نظام حکومت پہلے سے بہتر ہو۔ سندھ کے شہری اور دیہی علاقے سکھ کا سانس لے سکیں۔