Live Updates

میرا کوئی کردار نہیں تھا ، میرا ایک مشن تھا جو پورا ہو گیا

اب گھر بیٹھوں گا ، فارمنگ کروں گا اور بزنس کروں گا۔ جہانگیر ترین کی ایوان صدر میں گفتگو

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 18 اگست 2018 09:04

میرا کوئی کردار نہیں تھا ، میرا ایک مشن تھا جو پورا ہو گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اگست 2018ء) : ایوان صدر میں آج وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لیے تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا گیا ہے ، جس میں شرکت کے لیے ملکی اور غیر ملکی مہمان ایوان صدر پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ ایوان صدر پہنچنے پر عمران خان کے قریبی ساتھی جہانگیر ترین نے کہا کہ عمران خان نے 22 سال ان تھک محنت کی، پی ٹی آئی کا سو دن کا پلان تیار ہے۔

مجھے اعتماد ہے کہ سب کی نیتیں صاف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا کوئی کردار نہیں تھا ایک مشن تھا جو پورا ہو گیا۔ میرا کام پورا ہوگیا ہے۔ میں 21 تاریخ کوملک سے باہر جا رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان وزیر اعظم منتخب ہو گئے ہیں ، اب میں گھر بیٹھوں گا، فارمنگ کروں گا، بزنس کروں گا۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سازی میں جہانگیر ترین اور ان کےطیارے کا کافی کردار رہا ہے ۔

(جاری ہے)

جہانگیر خان ترین نے پاکستان تحریک انصاف کے لیے بہت محنت کی اور اپنا طیارہ لےکر آزاد اُمیدواروں سے ملاقاتوں کے لیے جاتے رہے۔ جہانگیر ترین کی اس ان تھک محنت پر تحریک انصاف کے سپورٹرز اور ووٹرز نے بھی کافی سراہا۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز قومی اسمبلی میں وزیر اعظم کا انتخاب ہوا جس میں عمران خان 176 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ان کے مد مقابل اُمیدوار شہباز شریف صرف 96 ووٹ حاصل کر سکے۔

عمران خان اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 22 ویں وزیر اعظم ہیں۔ جس کے بعد وزیراعظم کی تقریب حلف برداری ساڑھے 9 بجے ایوان صدر میں ہوگی۔ حلف برداری تقریب کے لیے تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور پارلیمانی رہنماؤں کو دعوت نامے جاری کیے گئے جبکہ عمران خان کے قریبی دوستوں کے علاوہ تحریک انصاف کور گروپ کے تمام اراکین کو بھی دعوت نامے جاری کیے گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ غیر ملکی سفیر بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔حلف برداری سے پہلے ایوان صدر میں قومی ترانہ بجایا جائے گا جس کے بعد کابینہ سکریٹری صدر مملکت سے تقریب شروع کرنےکی اجازت طلب کریں گے۔تقریب حلف برداری کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوگا جس کے بعد صدر مملکت ممنون حسین نومنتخب وزیراعظم عمران خان سے اُن کے عہدے کا حلف لیں گے۔حلف برداری کے بعد وزیراعظم حلف کی دستاویز پر دستخط کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات