نومنتخب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال یکم جنوری 1973کوکوئٹہ میں پیداہوئے،ابتدائی تعلیم کوئٹہ میںحاصل کرنے کے بعدمزید تعلیم کراچی سے حاصل کی،گرینیچ یونیورسٹی سے ایم بی ائے کی ڈگری حاصل کی

اتوار 19 اگست 2018 00:20

کوئٹہ۔18 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2018ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ جام کمال خان عالیانی بلوچستان کی16 ویں منتخب وزیراعلیٰ ہیں،یکم جنوری 1973کوکوئٹہ میں پیدا ہونے والے جام کمال خان عالیانی بلوچستان کے اہم سیاسی گھرانے سے تعلق رکھنے والے سیاست دان ہیں ، ابتدائی تعلیم کوئٹہ میںحاصل کرنے کے بعدمزید تعلیم کراچی سے حاصل کی اور گرینیچ یونیورسٹی سے ایم بی ائے کی ڈگری حاصل کی ، وہ دو مرتبہ ناظم ڈسٹرکٹ کونسل لسبیلہ منتخب ہوئے ، 2013 کے انتخابات میں وہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور جون 2013 سے مارچ 2018 تک وفاقی وزیر مملکت برائے پٹرولیم وقدرتی وسائل رہنے کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے جس کے بعد انہیں بلوچستان میں بننے والی نئی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی کا سربراہ منتخب کرلیا گیا ، ان کے والد جام محمد یوسف بھی منجھے ہوئے سیاستدان اور تجربہ کار پارلیمنٹیرین تھے ، جو 2002 سے 2007 تک وزیراعلیٰ بلوچستان کے منصب پر فائز رہے،ان کے دادا جام غلام قادر عالیانی بھی صوبے کے ایک اہم سیاست دان رہے اور دو بار وزیراعلیٰ بلوچستان اور ایک بار اسپیکر بلوچستان اسمبلی بھی منتخب ہوئے۔