الیکشن کمیشن اور خلائی مخلوق نے الیکشن کو سلیکشن بنادیا،انجینئرڈ نتائج نے کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیا‘پرویز ملک

الیکشن کی شفافیت کا واویلہ کرنیوالوں کو شرم آنی چاہیے شکست کو جیت میں تبدیل کرکے عوام کو بیوقوف بنایا گیا‘ عمران نذیر

اتوار 19 اگست 2018 19:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2018ء) مسلم لیگ (ن) لاہورکے صدر ورکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک ،جنرل سیکرٹری و رکن پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامرر خان نے کہا ہے کہ الیکشن2018میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف پارلیمانی کمیشن بنایا جائے جو ایک ماہ کے اندر اپنی رپورٹ پارلیمنٹ کے پیش کرے ،مسلم لیگ ن کو انتخابات کے انجینئرڈ نتائج قبول نہیں مستردکرتے ہیں، لیگی رہنماؤں کی دہائیاں دینے کے باوجودپولنگ ایجنٹس کو باہر نکالا گیا الیکشن کمیشن کو تمام سوالوں کا جواب دینا ہوگا پنجاب کے وزیر اعلیٰ کسی سیاسی پارٹی کے نہیں کہیں اور سے نامزد ہوئے ہیں ۔

لاہور میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں علی عدنان ملک علی عمران ملک،سعدیہ تیمور،عامر خان سید توصیف شاہ،رانا احسن شرافت چوہدری عبدالمجید چن نمبردار اور جاوید اقبال سمیت دیگر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں کہ ہم نے پاکستان کا مفاد سامنے رکھتے ہوئے تحمل سے کام لیا۔

(جاری ہے)

جو کیا گیا وہ 30 سالوں میں کبھی نہیں ہوا۔ پولنگ کے بعد کی صورت حال اپنے سیاسی کریئر میں نہیں دیکھی، ووٹرز کی توہین ناقابل برداشت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن اور خلائی مخلوق نے الیکشن نہیں سلیکشن کرائی ہے،بند کمروں میں تیار نتائج نے کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے،پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال کر مرضی کے نتائج تیار کیے گئے ہیں ،الیکشن کی شفافیت کا واویلہ کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے اپنی شکست کو جیت میں تبدیل کرکے عوام کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے،ن لیگ کے تمام جیتنے والے امیدواروں کے رزلٹ روک کر مرضی کے رزلٹ تیار کیے گئے ہیں جن کو ہم مستردکرتے ہیں۔