بدلتے پاکستان کے ساتھ خود کو بدلیں ،یہ وقت کا تقاضاہے،محمد اکرم چوہدری

پیر 20 اگست 2018 23:30

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) چیف ایگزیکٹوآفیسر میپکو انجینئر محمد اکرم چوہدری نے کہا ہے کہ بدلتے پاکستان کے ساتھ خود کو بدلیں یہ وقت کا تقاضاہے۔ وزیر اعظم پاکستان تبدیلی چاہتے ہیں اور اپنی ذات سے مثالیں پیش کررہے ہیں تو ہمارا فرض ہے کہ ہم بھی اپنے اندر تبدیلی لائیں ۔ وہ میپکو ہیڈ کوارٹر میں علی الصبح افسران اور ملازمین کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 48فیصد حصہ کو سروسز مہیاکرنا ہماری ذمہ داری ہے اگر ہم اپنے رویے میں تبدیلی لائیں گے تو معاشرے میں بدلائو آئیگا ۔ انہوں نے کہا کہ سب سے اہم شخص ہمارا صارف ہے اسکے اطمینان اور مسائل کے حل کے لئے کام کریں ۔وقت کی پابندی نہ کرنا اور صارف کو عزت نہ دینا بھی کرپشن ہے ان دونوں جرائم کی سخت بازپُرس کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو آفیسر نے سپریٹنڈنگ انجینئرز کو ہدایت کی کہ وہ کسٹمرسروسز میں بہتری لائیں اور صارفین کی شکایات کو ترجیح دیں اور ان کے ازالہ کے لئے فوری کاروائی کریں ۔

دفاتر کی اوقات کار کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کریں۔ صارفین کی شکایات کے ازالہ میں کوتاہی برتنے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کی تعطیلات میں آپریشن سرکلوں کے افسران اور سٹاف صارفین کی شکایات کا ازالہ یقینی بنائیں ۔ بدلتے ہوئے پاکستان میں اپنے آپ کو بدلیں خود کو ٹھیک کریں اور تمام ملازمین اپنے فرائض ایمانداری سے سرانجام دیں ۔

قبل ازیں چیف ایگزیکٹوآفیسر نے دفاتر میں وقت کی پابندی یقینی بنانے کے احکامات جاری کردئیے اور میپکو ہیڈ کوارٹر سمیت تمام دفاتر میں 8بجے صبح حاضری چیک کی ۔ انہوں نے عیدالاضحی کے بعد میپکو کے تمام دفاتر میں صبح کی اسمبلی شروع کرنیکا حکم دیا اور کہا کہ تلاوت وتفسیر سے صبح کا آغاز ہوگا ۔ اجلاس میں جنرل منیجر ٹیکنیکل محموداحمدخان، چیف انجینئر ڈویلپمنٹ شاہد حمید چوہان،چیف انجینئر او اینڈ ایم ڈسٹری بیوشن عبدالعزیز نیازی ، ایڈیشنل ڈائریکٹرز جنرل ایچ آر لیاقت علی میمن، جلیل الرحمن، ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل آئی ایس میاں ندیم احمد، تمام شعبوں کے سربراہان موجودتھے جبکہ آپریشن سرکلوں کے سپریٹنڈنگ انجینئرز نے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔