تمام تر سازشوں کے باوجود ایم کیوایم اپنے اصولی موقف اور حق پرستانہ جدوجہد پر قائم ہے‘ کنور نوید جمیل

منگل 21 اگست 2018 22:00

حیدر آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2018ء) متحدہ قومی موومنٹ عوامی خدمت کا دوسرا نام ہے یہ ہی وجہ ہے کہ تمام تر سازشوں کے باوجود ایم کیوایم اپنے اصولی موقف اور حق پرستانہ جدوجہد پر قائم ہے۔ ان خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ(پاکستان )رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر و ایم پی اے کنور نوید جمیل نے ایم کیوایم حیدر آباد ڈسٹرکٹ آفس پر ڈسٹرکٹ انچارچ ،جوائنٹ انچارجز ،حق پرست ارکان اسمبلی اور حیدر آباد میئر و ڈپٹی میئر کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایم کیوایم سندھ تنظیمی کمیٹی کے انچارج سلیم رزاق ،حیدر آباد کے ڈسٹرکٹ انچارج ظفر احمد صدیقی ،سینئر جوائنٹ انچارج نوید عباسی ،جوائنٹ انچارجز افتخار قائم خانی ،راشد ممتاز ،عمر الوری ،راشد خان ،حق پرست ارکان اسمبلی صلاح الدین ،صابر حسین قائم خانی ،ناصر حسین قریشی ،ندیم احمد صدیقی ،راشد خلجی ،میئر حیدر آباد سید طیب حسین اور ڈپٹی میئرسید سہیل مشہدی شریک تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ سندھ پر پھر وہ لوگ حکومت کررہے ہیں جو سندھ کی تباہی کے ذمہ دار ہیں مگر ہمیں سندھ کو خوشحال اور ترقی یافتہ بنانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی نمائندے اپنی بساط سے بڑھ کر عوامی مسائل حل کریں اور عوامی خدمات کی وہ شاندار مثالیں قائم کریں کہ دیہی سندھ کی عوام ان حکمرانوں سے اپنے ووٹ کا حساب لے انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کو پروان چڑھایا ہے اور پی ٹی آئی سے اتحاد بھی سندھ کی ترقی اور خوشحالی اور سندھ سے کرپشن کے خاتمے کیلئے اصولوں کی سیاست کا ساتھ دینے کے مترادف ہے انہوں نے میئر ،ڈپٹی میئر کو عید الضحیٰ کے موقع پر شہربھر میں صفائی ستھرائی اور الائشیں کو بروقت اٹھانے کی خصوصی ہدایت دیں۔