قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانیوالے امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتا ل آج ہوگی

پیر 3 ستمبر 2018 14:30

فیصل آباد۔3 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2018ء) قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 14اکتوبر کو منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانیوالے امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال آج 4 ستمبر بروز منگل کو ہوگی جبکہ فیصل آباد سمیت ملک بھر میں قومی اسمبلی کی 11، پنجاب اسمبلی کی 13، کے پی کے کی 9، بلوچستان کی 2اور سندھ اسمبلی کی 2خالی نشستوں پرضمنی الیکشن منعقد ہوگا۔

مذکورہ انتخابات کے ضمن میں پاکستان تحریک انصاف ، مسلم لیگ(ن) ،پی پی پی ، دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں سمیت آزاد ارکان نے بڑی تعداد میں کاغذات نامزدگی فارم جمع کروائے ہیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان فیصل آباد ریجن کے ذرائع نے بتایاکہ فیصل آباد سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 103فیصل آبادIII اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 103فیصل آباد VII میں بھی ضمنی انتخاب 14اکتوبر بروز اتوار کو منعقد ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال آج 4ستمبر بروز منگل کو ہو گی جبکہ کاغذات نامزدگی کی منظوری یا استر داد کے خلاف اپیلیں 8ستمبر بروز ہفتہ کو وصول کی جائیں گی اور اپیلٹ ٹربیونل ان پر فیصلے 13ستمبر بروز جمعرات تک کریں گے۔انہوںنے بتایاکہ امیدواروں کی حتمی لسٹ 14ستمبر بروز جمعہ کو جاری کی جائے گی جبکہ امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی فارم 15ستمبر بروز ہفتہ کو واپس لے سکیں گے اور اسی روز امیدواروں کی فائنل لسٹ کا اجراء کر دیا جائے گا۔

انہوںنے اے پی پی کو بتایاکہ قومی وصوبائی حلقوں کیلئے امیدواروں کو انتخابی نشان 16ستمبر بروز اتوار کو جاری کئے جائیں گے اور پولنگ 14اکتوبر بروز اتوارکو ہو گی۔انہوںنے بتایاکہ این اے 103 تاندلیانوالہ ضلع فیصل ۱ٓباد کیلئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ون اور پی پی 103تاندلیانوالہ ضلع فیصل ۱ٓباد کیلئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ٹو بطور ریٹرننگ آفیسر آج کاغذات کی سکروٹنی کا عمل مکمل کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں 25 جولائی کو منعقد ہونیوالے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات کے موقع پر جو نشستیں خالی رہ گئی تھیں یا جن نشستوں پر ایک سے زائد امیدوار کامیاب ہوئے تھے اور بعدازاں انہوں نے ایک ایک نشست رکھ کر باقی نشستیں خالی کردی تھیں ان پر ضمنی انتخابات 14 اکتوبر کو منعقد ہو گا۔ انہوںنے بتایاکہ انتخابات کے شفاف ، آزادانہ ، غیر جانبدارانہ ، منصفانہ انعقاد کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔