کشکہ گائوں کے سڑک سمیت تمام مسائل حل ، عوام کو سستی اور معیاری اشیاء فراہم کرینگے، قلندر لودھی

پیر 10 ستمبر 2018 14:18

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر خوراک الحاج قلندر خان لودھی نے یونین کونسل جھنگڑہ کے گائوں کشکہ کے دورہ کے دوران انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی دلوانے پر اہلیان علاقہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر قلندر خان لودھی کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت سابق پرنسپل جلیل نے کی۔

تقریب میں نائب ضلع ناظم بابو جاوید اقبال، مبر ضلع کونسل گلزار خان، ممبر ضلع کونسل اورنگزیب خان، شاکر خان، چنن دین و دیگر نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر خوراک قلندر خان لودھی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گائوں کشکہ میں ٹیوب ویل، سڑکیں، ڈسپنسری سمیت دیگر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، حویلیاں ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے حوالہ سے بھی بھرپور جدوجہد کریںگے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جس کی وجہ سے مقامی افراد مشکلات سے دوچار ہیں، ان کی بھرپور کوشش ہو گی کہ سڑک سمیت دیگر مسائل پر توجہ دیں اور انہیں حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں۔ قبل ازیں سید ساجد حسین شاہ کی رہائش گاہ کشکہ پہنچنے پر صوبائی وزیر کا شاندار استقبال کیا گیا اور ہائے پہنائے گئے۔ قلندر خان لودھی نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت حقیقی تبدیل کیلئے کوشاں ہے، ہم نے اپنے سابق دور میں بھی محکمہ خوراک کے وزیر کی حیثیت سے اربوں روپے کی بچت دلوائی، اب بھی عوام کی صحت پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، عوام کو معیاری اور سستی اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔