پاکستانی طلبہ نے منیلا میں مصنوعی ذہانت کے بہترین استعمال پر ایوارڈ حاصل کرلیا

عالمی مصنوعی ذہانت کے میدان میں پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیت کا ثبوت ہے،پاکستان سفیرڈاکٹرعاصمہ ربانی

پیر 30 جون 2025 22:20

پاکستانی طلبہ نے منیلا میں مصنوعی ذہانت کے بہترین استعمال پر ایوارڈ ..
منیلا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)پاکستانی طلبہ نے منیلا میں مصنوعی ذہانت کے بہترین استعمال پر ایوارڈ حاصل کرلیا۔تفصیلا ت کے مطابق پاکستانی طلبہ نے منیلا میں2025اے پی اے سی سولیوشن چیلنج میں شرکت کی اور مصنوعی ذہانت کے بہترین استعمال پر ایوارڈ حاصل کرلیاہے ۔یہ چیلنج عالمی شہرت یافتہ ٹیکنالوجی مقابلہ گوگل اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے اشتراک سے منعقد کیا گیا تھا جس میں ایشیا پیسیفک کے 12ممالک سے شرکت کرنے والی 750سے زائد ٹیموں نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

اسلام آباد کے انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کی ٹیم جیو جیما کو مصنوعی ذہانت کے بہترین استعمال کے پر ایوارڈ دیا گیا۔ترجمان پاکستانی سفار ت خانہ کے مطابق ایوارڈ قدرتی آفات کا ابتدائی وارننگ الرٹس نظام متعارف کروانے پر دیا گیا،فلپائن میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر عاصمہ ربانی نے پاکستانی ٹیموں کیلئے اپنی رہائش گاہ پر دعوت کا اہتمام کیا۔ سفیر پاکستان ڈاکٹر عاصمہ ربانی نے اس موقع پر کہاکہ پاکستانی نوجوانوں کی عالمی سطح پر پہچان قوم کیلئے فخر کا باعث ہے، یہ عالمی مصنوعی ذہانت کے میدان میں پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیت کا ثبوت ہے۔