Live Updates

اقتدار کا نشہ بہت بُرا، عمران خان وزیراعظم بنتے ہی دیرینہ ساتھیوں کو بھول گئے

وہیل چئیر پر بیٹھا عمران خان کا دیرینہ ساتھی ان سے ملنے سے قاصر، جانئے ارسلان وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کیوں نہیں کر پا رہے؟

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 11 ستمبر 2018 13:35

اقتدار کا نشہ بہت بُرا، عمران خان وزیراعظم بنتے ہی دیرینہ ساتھیوں کو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 ستمبر 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف نے عام انتخابات 2018ء میں شاندار کامیابی حاصل کی اور خیبرپختونخواہ سمیت وفاق اور پنجاب میں بھی حکومت بنانے میں کامیاب ہو گئی۔ کامیابی کے اس سفر میں جن لوگوں نے آغاز سے ہی عمران خان کا ساتھ دیا ، حکومت تشکیل دینے کے بعد انہیں عمران خان کے رویے میں تبدیلی اور ان سے ملاقات نہ کرنے کا شکوہ ہے۔

عمران خان کے ایک نظریاتی کارکن نے ان کی نظر اندازی کا شکوہ کیا۔ چیچہ وطنی سے تعلق رکھنے والے کارکن ارسلان محمود وہیل چئیر تک محدود ہیں۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے شروع کے دنوں میں عمران خان کا ساتھ دیا اور کراچی میں پاکستان تحریک انصاف ک نہ صرف بنیاد رکھی بلکہ ان کا شمار پارٹی کے نظریاتی اور بانی کارکنوں میں ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

شروع میں ارسلان پاکستان تحریک انصاف کراچی کے سیکرٹری اطلاعات بھی رہے۔

ارسلان محمود نے بتایا کہ 1996ء سے 2007ء تک سب ٹھیک چل رہا تھا، 2007ء کی بکرا عید پر میں ٹرین میں سفر کر رہا تھا کہ دھماکہ ہوا اور ٹرین کی چھ بوگیاں اُلٹ گئیں، اس حادثے میں 175 افراد شہید ہوئے۔اسی حادثے کے بعد میری سیاست کی ٹرین بھی پٹڑی سے اُتر گئی۔ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ شامل ہونے سے قبل میں سماجی رہنما بھی تھا۔ ارسلان نے بتایا کہ اس حادثے کے بعد میری وقتاً فوقتاً عمران خان سے ملاقاتیں ہوتی رہیں،اس کے بعد میں دھرنے میں بھی گیا ، عمران خان نے سیڑھیوں سے اُترتے ہوئے جیسے ہی مجھے دیکھا وہ بھاگتے ہوئے میرے پاس آئے ، مجھ سے بغل گیر ہو گئے اور کہا کہ تم نے بنی گالہ آنا ہے۔

میں بنی گالہ گیا لیکن کسی نے مجھے اجازت نہیں دی ۔ میں وہیل چئیر پر اتنی اونچائی پر بنی گالہ گیا اور وہاں سے ایسے ہی لوٹ آیا۔ اس کے بعد ایک اور ایسا موقع آیا، میں نے جانے سے پہلے فون پر رابطہ کیا تو مجھے کہا گیا کہ ابھی ان کے بیٹے آئے ہوئے ہیں وہ بہت مصروف ہیں۔ ارسلان نے بتایا کہ میں اس کے بعد ایک مرتبہ اپنے جنون کے ہاتھوں مجبور ہو کر ایف 9 پارک میں ہونے والے جلسے میں گیا، اور جناح ایونیو والی سائیڈ پر موجود عوامی گیٹ سے جیسے ہی اندر گیا تو آگے سے ریلا آگیا، مجھے وہاں موجود کچھ پٹھان لڑکوں نے بچایا ورنہ میں اس ریلے کی نذر ہو جاتا۔

ارسلان محمود نے مزید بتایا کہ الیکشن سے پہلے بھی میں نے رابطہ کرنے کی بہت کوشش کی لیکن عمران خان سے رابطہ نہیں ہو سکا۔ الیکشن جیتنے کے بعد وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب سے قبل میرا نعیم الحق بھائی سے ایک رابطہ ہوا، تو انہوں نے کہا کہ دیکھیں ہمارے پاس پاسز کی گنجائش نہیں ہے ، یہ ایوان صدر کے پاسز ہیں، لیکن میں کوشش کروں گا۔ ارسلان محمود کا کہنا تھا کہ اُس کے بعد نعیم الحق بھائی نے بھی میرا فون نہیں اُٹھایا۔

ارسلان محمود اگرچہ وہیل چئیر تک محدود ہیں لیکن پھر بھی انہوں نے بارہا اپنے لیڈر سے ملاقات کرنے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکے۔سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ عمران خان ہمیشہ خود کو منفرد سیاستدان اور عوامی لیڈر کہتے ہیں لہٰذا وزیراعظم عمران خان کو چاہئیے کہ وہ ارسلان محمود کو اپنے پاس بُلائیں اور ان سے ملاقات ضرور کریں۔ سوشل میڈیا پر آئی ارسلان محمود کی ویڈیو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات