مقبوضہ کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں مسلسل چوتھے روز ہڑتال

تحریک حریت کے مقامی رہنما عاشق حسین نارچورسمیت متعدد افراد گرفتار

منگل 18 ستمبر 2018 15:00

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں ایک نوجوان رئوف احمد گنائی کی شہادت پر ضلع اسلام آباد میں آج مسلسل چوتھے روز بھی مکمل ہڑتال کی جارہی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق رئوف گنائی کو بھارتی فوجیوں نے ہفتے کے روز ضلع کولگام کے علاقے چوگام میں احتجاجی مظاہرین پر فائرنگ کرکے شہید کیا تھا۔

ان کی گردن میں گولی لگی تھی اوروہ سرینگر ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں ہی جاں بحق ہوگیا تھا۔ اسلام آباد قصبے میں تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل ہے۔ صبح سے بھارتی فورسز اور نوجوانوں کے درمیان جھڑپوں کے واقعات پیش آنے کی بھی اطلاعات ہیں۔ بھارتی پولیس نے اسلام آباد قصبے میں رات کے وقت چھاپوں کے دوران تحریک حریت جموںوکشمیر کے مقامی رہنما عاشق حسین نارچورسمیت متعدد افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء جنوبی کشمیر کے پلوامہ اور شوپیان اضلاع میں مختلف مقامات پر پنچایت گھروں کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ شوپیان میں ایک پولیس افسر نے صحافیوں کو بتایا کہ ضلع کے علاقے نازنین پورہ میں نامعلوم افراد نے پیر کی شام ساڑھے نوبجے پنچایت گھر کو آگ لگانے کی کوشش کی ۔ اسی طرح کی خبریں ضلع پلوامہ کے علاقوں دربگام اور ناگہ بل ترال سے بھی موصول ہوئی ہے جہاں پنچایت گھروں کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔