گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے امریکن قونصل جنرل کی ملاقات

باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال

منگل 18 ستمبر 2018 23:09

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے امریکن قونصل جنرل کی ملاقات
لاہور۔18 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے اتنی طویل ترین جنگ محض اپنے ہی لئے نہیں لڑی بلکہ اقوام عالم کے امن کیلئے لڑی ہے ، اس جنگ میں پاکستان نے جس قدر قربانیاں دی ہیں وہ لازوال و بے مثال ہیں لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ان کی ان قربانیوں کو اتنا نہیں سراہا گیا جس کا وہ اتنا حق رکھتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز یہاں امریکن قونصل جنرل Ms Collen Crenwelgeسے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے گورنر ہاؤس میں ان سے ملاقات کی ۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ۔ امریکن قونصل جنرل نے چوہدری محمد سرور کو گورنر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں اور یہ معصوم لوگوں کو نشانہ بناتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک افغانستان ، ایران ، چائینہ ، انڈیا سے برابری کی بنیاد پر برادرانہ تعلقات کے خواہاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خطہ میں امن کے لئے افغانستان میں امن بہت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے عوام بہتر تعلقات چاہتے ہیں ، امریکی قونصل جنرل Ms Collen Crenwelge نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات عشروں پر محیط ہیں اور امریکہ ان تعلقات میں مزید بہتری لانے کا خواہاں ہے ۔

انہوں نے نے کہا کہ ہمارا ملک پاکستان کو ایک جمہوری مستحکم ملک دیکھنا چاہتا ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت پاکستان میں یو ایس ایڈ کے تحت منصوبوں پر عمل پیرا ہے اور وہ پاکستان میں تعلیم ،صحت اور صاف پانی کے منصوبوں میں مزید بہتری لانے کیلئے بھر پور تعاون کرے گی۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی حکومت کی طرف سے گورنر ہاؤسسز کے دروازے عوام کیلئے کھولنے کے اقدامات کو کو بے حد سراہا ۔