نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امرا کے باہر سکیورٹی ناکہ لگا دیا گیا

جاتی امرا کے باہرسکیورٹی ناکہ لگا کر عام افراد کی آمدورفت بند کردی گئی ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 20 ستمبر 2018 13:52

نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امرا کے باہر سکیورٹی ناکہ لگا دیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 ستمبر 2018ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امرا کے باہر سکیورٹی ناکہ لگا دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی گذشتہ رات جاتی امرا آمد کے بعد اب وہاں ایک سکیورٹی ناکہ لگا دیا ہے اور سکیورٹی ناکہ لگا کر عام افراد کی آمدورفت بند کردی گئی ہے۔

جاتی امرا کے باہر لگے ناکے پر پولیس کی بھاری نفری موجود ہے۔نوازشریف کی رہائش گاہ کے باہرکارکن بھی موجود ہیں اور نوازشریف کے حق میں نعرے لگا رہے ہیں لیکن جاتی امرا میں کارکنوں کو داخلے سے بھی روک دیا گیا ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی موجودگی پر جاتی امرامیں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف ،مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں نیب عدالت نے سزا دی تھی جس کے تحت سابق وزیراعظم نواز شریف کو 11 اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 8 جب کہ داماد کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے فیصلے میں نوازشریف کو 80 لاکھ پاؤنڈ اور مریم نواز کو 20 لاکھ پاؤنڈ جُرمانہ بھی عائد کیا اور ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کو ضبط کرنے کا بھی حکم دیا جب کہ عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر پرکوئی جُرمانہ عائد نہیں کیا۔ تینوں مجرموں نے سزاؤں کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کیں، جن کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ نے گذشتہ روز تینوں مجرموں کی سزا معطل کرنے اور انہیں رہا کرنے کا حکم دیا۔

جبکہ تینوں قیدیوں کو 5،5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے بھی جمع کروانے کا حکم دیا گیا ۔نواز شریف اور مریم نواز نے اڈیالہ جیل میں 69 روز گزارے جبکہ کیپٹن (ر) صفدر 74 روز تک جیل میں رہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے بعد تینوں قیدیوں کو اڈیالہ جیل سے رہا کر کے خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور لایا گیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے کارکنان کی ایک بڑی تعداد نے قائد کا استقبال کیا اور ان کے قافلے پر گُل پاشی کی۔