نرسنگ طالبات و کمیونٹی ڈیم فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گی ، ڈی جی نرسنگ کوثر پروین ‘پہلے دن نرسنگ طالبات نے صرف ایک شہر میں 25 ہزار روپے اکٹھے کر لئے ، مہم جاری

پیر 24 ستمبر 2018 17:28

لاہور۔24 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) ڈائریکٹر جنرل نرسنگ پنجاب کوثر پروین نے کہا ہے کہ ڈیم فنڈ ایک قومی مہم ہے جس میں ہر شہری کو اپنی حیثیت سے بڑھ کر شامل ہونا چاہیے اور نرسنگ طالبات و کمیونٹی بھی اس فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی تاکہ پانی کے ذخائر کی تعمیر کر کے درینہ مسئلے کو حل کیا جا سکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نرسنگ طالبات کی طرف سے ڈیم فنڈ میں حصہ لینے کی مہم میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، یہ امر قابل ذکر ہے کہ ڈی جی نرسنگ کی اپیل پرہولی فیملی میڈیکل کالج و ہسپتال راولپنڈی کی نرسز و طالبات نے صرف ایک دن میں اپنی مدد آپ کے تحت25 ہزار روپے جمع کر لئے، رقم جمع کرنے کی یہ مہم صوبے کے تمام نرسنگ سکولوں میں بھی شروع کی جارہی ہے جس کے اختتام پر نرسیں کل حاصل ہونے والے پیسوں کو چیف جسٹس آف پاکستان کے فنڈز میں جمع کرائیں گی،کوثر پروین نے کہا کہ پانی ملک و قوم کا اصل مستقبل ہے اور عوام میں پانی ضائع نہ کرنے اور اس کے صحیح استعمال کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اخراجات میں کمی کر کے اس رقم کو ڈیم فنڈ میں جمع کرانا ہمارا قومی فریضہ ہے اور انشاء اللہ نرسز اور نرسنگ طالبات ہر ادارے میں اپنا جیب خرچ اور ماہانہ تنخواہ سے زیادہ سے زیادہ رقوم قومی ڈیم فنڈ کیلئے مختص کرینگی، انہوں نے کہا کہ میڈیکل کے شعبے سے وابستہ ہر شخص انسانیت کیلئے کام کرنے کا عزم اور مصصم ارادہ رکھتا ہے اور انشاء اللہ حکومت اور چیف جسٹس آف پاکستان کی طرف سے شروع کردہ ڈیم بناؤ مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں ہیلتھ سیکٹر کا ہر مرد و خاتون اس میں کسی طور بھی پیچھے نہیں رہیں گے۔