Live Updates

صوبائی وزیر مال پنجاب ملک محمد انور کا اراضی ریکارڈ سنٹر فتح جنگ کا دورہ‘

پنجاب حکومت عوامی مسائل حل کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہے،ملک محمد انور وزیراعظم اور ان کی ٹیم ملک میں حقیقی تبدیلی کی ضامن ہے، صوبائی وزیر مال

پیر 24 ستمبر 2018 21:59

لاہور۔24 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر مال پنجاب ملک محمد انور صوبہ بھر کے اراضی ریکارڈ سینٹرز کے حالت زار کو جنگی بنیادوں پر بہتر کرنے کیلئے دوروں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے گذشتہ روز اٹک پہنچے، جہاں انہوں نے اراضی ریکارڈ سنٹر فتح جنگ کا دورہ کیا اور وہاں پر موجود عوام سے مسائل سنے، اراضی ریکارڈ سنٹر میں موجود عوام نے صوبائی وزیر مال پنجاب ملک محمد انور کے سامنے اراضی ریکارڈ سنٹر کے پیشہ وارانہ امور کے بارے میں شکایات کے انبار لگادیئے، صوبائی وزیر نے عوامی شکایات کو تحمل سے سنا، انہوں نے اس موقع پر موجود عوام کو یقین دہانی کروائی کہ تما م جائز شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا، صوبائی وزیر نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ سنٹرفتح جنگ اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی شکایات کا جلد از جلد ازالہ کریں بصورت دیگر ان کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی، صوبائی وزیر مال پنجاب ملک محمد انور نے ڈائریکٹر جنرل لینڈ ریکارڈ پنجاب کو بھی ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے پیش نظر اراضی ریکارڈ سنٹر فتح جنگ میں سٹاف کی کمی کو ہنگامی بنیادوں پر پورا کیا جائے اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کی جاسکیں، بعد ازاں میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوامی مسائل حل کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہے اور اس سلسلے میں موثر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں کرپشن کیخلاف جہاد کر رہی ہے اور اس جہاد میں عوام بھی ہمارے ساتھ ہیں، صوبائی وزیر مال ملک محمد انور نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم ملک میں حقیقی تبدیلی کی ضامن ہے ،جو اس ملک میں آرہی ہے اور یہ تبدیلی پاکستان کے روشن مستقبل کی امید ہے، اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل لینڈ ریکارڈپنجاب اسلم رائو ، اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ فیضان احمد،اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ سنٹر فتح جنگ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات