معروف ٹیکسی سروس اُوبر نے پاکستان میں اُڑنے والی ٹیکسی متعارف کروانے کا عندیہ دے دیا

اوبر ایلیویٹ سروس پاکستان میں شروع کی جائے گئی ، جلد ہی اوبر ایٹس کا بھی پاکستان میں آغاز ہو گا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 25 ستمبر 2018 13:28

معروف ٹیکسی سروس اُوبر نے پاکستان میں اُڑنے والی ٹیکسی متعارف کروانے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 ستمبر 2018ء) : عالمی سطح پر معروف ٹیکسی سروس اُوبر نے پاکستان میں اُڑنے والی ٹیکسی متعارف کروانے کا عندیہ دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ''اُوبر ایلیویٹ'' کو لانچ کرنے کے لیے اُوبر کمپنی کی نظر میں پاکستان ایک بہترین مارکیٹ ہے۔ ''اُوبر ایلیویٹ'' ہوا میں بُلند ہونے اور زمین پر لینڈ کرنے کے لیے عمودی رُخ اختیار کرے گی۔

مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے مقامی جنرل مینجر انتھونی لی روکس نے کہا کہ اُوبر جلد ہی بغیر ڈرائیورز کے گاڑیاں متعارف کروانے کا ارادہ بھی رکھتی ہے جس کے لیے تمام تر ٹیکنالوجی استعمال میں لائی جا رہی ہے، جس کے تحت یہ گاڑیاں ایک مخصوص نقشے کے تحت چلیں گی۔ اگر اُوبر ایلیویٹ کی بات کی جائے تو اوبر ایلیویٹ پوائنٹ A سے عمودی رُخ میں ہوا میں بلند ہو کر پوائنٹ B پر پہنچ کر عمودی رُخ میں ہی زمین پر لینڈ کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اُوبر ایلیویٹ ڈرائیورز کے بغیر گاڑیوں سے کم پیچیدگی رکھتا ہے، اسی لیے اسے پاکستان میں لانچ کیا جائے گا۔ پاکستان میں بغیر ڈرائیور گاڑیاں لانچ کرنے سے پہلے ہی اُڑنے والی ٹیکسی متعارف کروا دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ابھی ٹیکسی سروس اُوبر کو اُوبر ایلیویٹ کا آغاز کرنے میں کئی سال درکار ہیں لیکن پاکستان اُوبر کے ان ممالک کی فہرست میں شامل ہے جہاں اُوبر ایلیویٹ کو ٹیسٹ اور لانچ کیا جا سکتا ہے۔

انتھونی لی روکس نےبتایا کہ پاکستان کے اس فہرست میں موجود ہونے کی وجہ یہ ہے کہ پاکستان میں دو سال کے کم عرصہ میں ہی اُوبر کو کافی پذیرائی ملی۔ ٹیکسی سروس اُوبر اس وقت پاکستان کے 8 بڑے شہروں میں کام کر رہی ہے اور جلد ہی اُوبر کمپنی پاکستان میں ''اُوبر ایٹس'' سروس بھی لانچ کرے گی جس کو استعمال کرتے ہوئے بروقت فوڈ ڈیلیوری کروائی جا سکے گی۔

انتھونی لی روکس کا کہنا تھا کہ اُوبر کو پاکستان میں جو پذیرائی ملی وہ نہ صرف میری بلکہ اُوبر کمپنی کی تمام انتظامیہ کی توقعات سے کئی زیادہ تھی جسے دیکھ کر ہمیں خوشگوار حیرت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت پاکستان میں اُوبر کے 30 ہزا ڈرائیورز کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں اُوبر سروس منافع میں رہی۔ 2017ء میں ہمیں اپنی سروس کے بارے میں کئی منفی باتیں سننے کو ملیں لیکن ہم نے ضروری اصلاحات کیں جس کی وجہ سے اُوبر آج پاکستان کے 8 بڑے شہروں میں کام کر رہی ہے۔