راولپنڈی،صومالیہ پاکستان کے ساتھ اپنے تجارتی روابط کو مرکزی حیثیت دیتا ہے، خادر دین گولید

فیشریز، زراعت، لایئو سٹاک اور ادویات کے شعبے میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، کاروباری مواقع کانفرنس اور ایکسپو کے لیے راولپنڈی چیمبر کا تعاون درکا ر ہو گا ،صومالیہ کے کمرشل قونصلرکا ملک شاہد سلیم سے ملاقات میں اظہار خیا ل

اتوار 7 اکتوبر 2018 19:40

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اکتوبر2018ء) صومالیہ کے کمرشل قونصلر خادر دین گولید نے کہا ہے کہ صومالیہ پاکستان کے ساتھ اپنے تجارتی روابط کو مرکزی حیثیت دیتا ہے اور پاکستان کے ساتھ تجارتی روابط بڑھانے کے لئے ہر سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں گے کاروباری مواقع کانفرنس اور ایکسپو کے لیے راولپنڈی چیمبر کا تعاون درکا ر ہو گا فیشریز، زراعت، لایئو سٹاک اور ادویات کے شعبے میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں چین کے عظیم منصوبے ایک پٹی ایک سڑک(OBOR) میں شامل ہونے کے لیے صومالیہ حکومت جلد ایک مفاہمت کی دستاویز پر دستخط کرے گی امید ہے مستقبل میں سی پیک منصوبے میں شرکت کے مواقع پیدا ہوں گے ان خیالات کا اظہار صومالیہ کے کمرشل قونصلرنے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے دوران صدر چیمبر ملک شاہد سلیم سے ملاقات میں کیا اس موقع پر سینئر نائب صدر بدر ہارون ،نائب صدر فیاض قریشی، اور مجلس عاملہ کے رکن طاہر تاج بھٹی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صومالیہ کے کمرشل اتاشی نے کہاکہ علاقائی تجارت کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے لیے راولپنڈی چیمبر کا کردار قابل ستائش ہے انہوں نے کہا کہ اسلامی برادر ملک اور او ٓئی سی کا ممبر ہونے کی وجہ سے صومالیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے سفیر نے کہا کہ صومالیہ افریقی منڈیوں تک رسائی کے لیے اہم گزرگاہ ہے تجارتی وفود کے تبادلوں کے ذریعے باہمی تجارت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے راولپنڈی چیمبر کے ساتھ ایک ایم او یو بھی کیا جائے گا تاکہ تجارتی رابطوں کو وسیع کیا جا سکے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے راولپنڈی چیمبر کے صدملک شاہد سلیم نے کہاکہ راولپنڈی چیمبر ہمسائیہ ممالک میں سنگل کنٹری نمائشوں کے کامیاب انعقاد کے بعد افریقی ممالک تک اس کے دائرہ کار کو وسعت دے رہا ہے ۔

تاکہ آپس میں تجارت کو فروغ دے کر ترقی کی منازل طے کی جاسکیں۔ کاروباری کانفرنس اور نمائش کے انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون اور معاونت کی جائے گی صدر چیمبر نے کہاکہ دونوں ممالک کے ساتھ تجارت کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کے مابین روابط کو فروغ دیا جائے اور اس سلسلے میں چیمبر کی سطح پر تجارتی وفود کے تبادلے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تناظر میں علاقائی تجارت کی اہمیت اور بڑھ گئی ہے، تعمیرات،توانائی، زراعت، ادویات، ماربل اور دیگر شعبوں میں دو طرفہ منصوبے لگائے جا سکتے ہیں۔