ْالیکشن کمیشن نے حلقہ این اے 215 سانگھڑ میں دوبارہ پولنگ کرانے سے متعلق درخواست مسترد کردی

پیر 8 اکتوبر 2018 17:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2018ء) الیکشن کمیشن نے حلقہ این اے 215 سانگھڑ میں دوبارہ پولنگ کرانے سے متعلق درخواست مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار کو الیکشن ٹریبونل جانے کی ہدایت کی ۔پیر کو الیکشن کمیشن میں حلقہ این اے 215 سانگھڑ میں دوبارہ پولنگ کرانے سے متعلق درخواست پرچیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں دو رکنی کمیشن نے سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ حلقہ میں کامیاب امیدوار نوید ڈیرو نے 77 ہزار 812ووٹ حاصل کئے ،حاجی خدا بخش نے 77ہزار 227ووٹ حاصل کئے،جیت کا فرق 568کا ہے ،ریٹرننگ افسر نے 1796مسترد ووٹ غائب کر دئیے،ریٹرننگ افسر نے جان بوجھ کر جی ڈی اے کے امیدوار کو ہرایا،سترہ سو 96مسترد ووٹوں کو گنتی کے عمل میں شامل نہیں کیا گیا ۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ نے استدعا کی ہے کہ ری الیکشن کیا جائے ،ْ سیکشن نو کے تحت دائر درخواستوں کے ساٹھ روز پورے ہو گئے ہیں،درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ،ہائی کورٹ نے نوید ڈیرو کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکا ہوا تھا ،پندرہ اگست کو نوید ڈیرو کا نوٹیفیکیشن جاری ہوا اس لیے ہمارا وقت ابھی باقی ہے، سماعت کے دوران نوید ڈیرو کے وکیل نے کہا کہ ریٹرننگ افسر نے گنتی کا عمل ان کی درخواستوں پر مکمل کیا، ہا ئی کورٹ، ٹربیونل اور الیکشن کمیشن تینوں جگہ یہ درخواستیں لے کر گئے ہیں،الیکشن کمیشن درخواست خارج کرے،الیکشن کمیشن نے دلائل مکمل ہو نے پر فیصلہ محفوظ کر لیا، الیکشن کمیشن میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی44 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرانے سے متعلق درخواست کی سماعت بھی ہوئی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیابعد ازاں فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن نے دونوں درخواستیں مسترد کرتے ہوئے درخواست گزاروں کو الیکشن ٹریبونل جانے کی ہدایت کی۔