Live Updates

وزیراعظم نے صوبے میں بیمار صنعتوں کی بحالی کا ہدف دیا ہے،پورا کریںگے‘ میاں اسلم اقبال

جلد جاندار اور انتہائی موثر صنعتی پالیسی لائی جائے گی، پنجاب میں صنعت کا پہیہ چلے گا اور بیروزگاروں کو روزگار ملے گا صنعتی عمل کو مضبوط اور بیمارصنعتوں کو بحال کرکے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیداکئے جا سکتے ہیں ‘صوبائی وزیر کا تقریب سے خطاب

منگل 9 اکتوبر 2018 17:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر صنعت وتجارت وسرمایہ کاری میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ بے روز گار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے منشور میں شامل ہے اور اس مقصد کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، صنعتی عمل کو مضبوط اور بیمارصنعتوں کو بحال کرکے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیداکئے جا سکتے ہیں اور پنجاب حکومت اس جانب تیز رفتار ی سے بڑھ رہی ہے۔

جلد جاندار اور انتہائی موثر صنعتی پالیسی لائی جائے گی جس سے پنجاب میں صنعت کا پہیہ چلے گا اور بیروزگاروں کو روزگار ملے گا۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاںاسلم اقبال نے ان خیالات کا اظہارمقامی ہوٹل میں ’’سولر ٹیکنالوجی ان پاکستان،پریمئر انرجی انڈسٹریل سیمینار‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو توانائی کے حوالے سے بے شمار مشکلات اورمسائل کا سامناہے۔

بدقسمتی سے کافی عرصہ سے توانائی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے سنجیدگی سے کام نہیں کیا گیا۔توانائی کی کمی کے باعث صنعتوں کا پہیہ رکا جس سے ملک میں غربت اور بے روگاری کے مسائل نے جنم لیا۔توائی کی کمی کے مسئلے پر مستقل بنیادوں پر قابوپانے کے لئے مختصر کی بجائے طویل المعیاد پالیسوں کی ضرورت ہے۔ سولر انرجی کا فروغ وقت کی ضرورت ہے ۔

اس مقصد کے لئے عوام الناس میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریمئر انرجی گروپ سولر ٹیکنالوجی کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہا ہے اور یہ گروپ اپنے کاروبار کے ساتھ عوام کو سروسز بھی فراہم کررہا ہے۔پنجاب حکومت گروپ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اور نجی اداروں میں سولرانرجی کے استعمال کو فروغ دینا بھی ضروری ہے۔

زرعی ٹیوب ویلوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے لئے بھی اقدامات کرنا ہے۔ کمپنی سولر انرجی کے فروغ کے لئے سفارشات مرتب کرکے پیش کرے۔انہوں نے کہا کہ کام کرنے کا عزم ہو تو مقاصد حاصل کئے جا سکتے ہیں اور اگر کوئی کام کرنا ہی نہ چاہے تو کچھ نہیں ہو سکتا۔ وزیراعظم عمران خان ہر ہفتے پنجاب کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہیں اور آگے بڑھنے کے ضروری اہداف دیتے ہیں۔

وزیراعظم نے بیمار صنعتوں کی بحالی کا ہدف دیا ہے جس کے حصول کے جان لڑا دیں گے۔انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو چلانے کے لئے ان پٹس کا سستا ہونا بھی ضروری ہے اور اس مقصد کے لئے حکومت نے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں۔سندھ میں گیس کی قیمت میں کم اور پنجاب میں زیادہ تھی جسے برابر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ونجی شعبہ میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرکے بے روزگاری کے مسئلے پر قابو پانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریمئر گروپ آف انرجی اگر مقامی سطح پر سولر پینل تیار کرنا چاہتا ہے تو پنجاب حکومت بھرپور تعاون کرے گی۔سیمینار کے اختتام پر پریمئر گروپ آف انرجی کے سی ای او شوکت مبارک نے صوبائی وزیر کو شیلڈ پیش کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات