سیکرٹری داخلہ پنجاب کیپٹن (ر)فضیل اصغر کا پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ

سیف سٹیز اتھارٹی کا الیکٹرانک ٹکٹنگ سینٹر اور ٹریفک ٹیم عمدہ کام کر رہی ہے‘ سیکرٹری داخلہ پنجاب

منگل 9 اکتوبر 2018 19:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2018ء) سیکرٹری داخلہ پنجاب کیپٹن (ر)فضیل اصغر نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا جہاں مینیجنگ ڈائریکٹر علی عامر ملک نے معزز مہمان کا استقبال کیا اور ادارے کی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔ اجلاس میں چیف آپریٹنگ آفیسر اکبر ناصر خان اور چیف ایڈمن محمد کامران خان بھی شریک تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ پنجاب کو شہر میں امن و امان کی صورتحال اور الیکٹرانک چالان نگ منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولیس کو تفتیش میں مدد کیلئے ہر ماہ سینکڑوں کیسز میں ڈیجیٹل شواہد فراہم کیے جاتے ہیں جن سے کیسز کے ٹرائل میں بھی مدد مل رہی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ شہر میں سب سے زیادہ ٹریفک سگنل اور سپیڈ لِمٹس قوانین کی خلاف ورزی کی جا رہی ہی- اس لیے لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر پہلے مرحلے میں ریڈ سگنل کی خلاف ورزی پر چالان بھجوائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سیف سٹیز اتھارٹی کے تحت شہر میں جعلی نمبر پلیٹ کی حامل مشکوک گاڑیوںکی چیکنگ کا عمل زوروشور سے جاری ہے۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب میں سیکرٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ لاہور میں سیکورٹی کیساتھ ساتھ ٹریفک مسائل کے حل کیلئے اتھارٹی کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹیز اتھارٹی کا الیکٹرانک ٹکٹنگ سینٹر اور ٹریفک ٹیم عمدہ کام کر رہی ہے اورسیف سٹی اتھارٹی جیسے منصوبوں سے پولیس کلچر میں نمایاں بہتری آر ہی ہے۔

سیکرٹری داخلہ نے ہدایت کی کہ محکمہ ایکسائز گاڑی مالکان کے ایڈریس کا ڈیٹا جلد مکمل کرے جس سے الیکٹرانک چلاننگ سسٹم اور لاء اینڈ آرڈر پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹیزاتھارٹی کی کوششوں سے جرائم میں کمی اور ٹریفک قوانین کی پاسداری ہورہی ہے۔