ٹرمپ کی طرف سے سعودی عرب کے حوالے سے بیان قابل مذمت ہے ،پروفیسرساجد میر

حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے پاکستان اور پوری امت مسلمہ متحد ہے،اجلاس سے خطاب

منگل 9 اکتوبر 2018 21:19

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2018ء) تحریک دفاع حرمین شریفین پاکسان کی مرکزی کونسل کے اجلاس میں پاکستان کے قومی رہنماوں نے امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے سعودی عرب کے حوالے سے بیان کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ سعودی عرب حرمین شریفین کی سرزمین ہے اور اس کے تحفظ کے لیے پاکستان اور پوری امت مسلمہ متحد ہے اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

۔ان خیالات کا اظہار تحریک دفاع حرمین شریفین پاکستان کی مرکزی کونسل کے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں سرپرست تحریک دفاع حرمین شریفین سینٹر پروفیسر ساجد میر، سرپرست سینٹر مولنا عبدالغفور حیدری، سینٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، سابق وفاقی وزیر مذھبی امور سردار محمد یوسف، صدر تحریک دفاع حرمین مولنا علی محمد ابو تراب، سینئر نائب صدر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل مولنا فضل الرحمن خلیل، نائب صدر شاہ اویس نورانی،۔

(جاری ہے)

ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولنا حامد الحق ، سیکرٹری اطلاعات پروفیسر حافظ سجاد قمر، رابطہ سیکرٹری مولنا عتیق الرحمن شاہ ،مولانا عامر حمید نے شرکت کی۔شرکائ اجلاس نے متفقہ طور پر ایک قرار داد منظور کی جس میں امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے سعودی عرب کے بارے میں تو ہین آمیز بیان بیان کی مذمت کی گئی۔اور کہا گیا کہ امریکہ تو کل کی پیدوار ہے جبکہ حرمین شریفین کی مقدس سرزمین ہزاروں سال سے موجود ہے۔

سعودی عرب مقامات مقدسہ کی سرزمین اور پوری دنیا کے مسلمانوں کا روحانی مر کز ہے۔آل سعود نے تاریخ میں سب سے زیادہ حرمین کی خدمت کی ہے اور ہم کسی کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔امریکہ کسی خوش فہمی میں نہ رہے۔سعودی عرب کے بارے میں پوری امت مسلمہ کی ایک رائے ہے اور متفقہ طور پر اس کو اپنا روحانی مرکز سمجھتے ہیں۔امریکی صدر دنیا کا امن تہہ و بالا کرنا چاہتے ہیں۔اور فساد برپا کرنا چاہتے ہیں۔قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان کے عوام حرمین شریفین کے خاطر متحد ہیں اور اس کے لیے کسی قسم کی قربانیوں سے دریغ نہیں کریں گے۔