سانحہ ماڈل ٹائون کی تحقیقات کیلئے پی ٹی آئی حکومت سے اچھے کی امید ہے،غلام علی خان

انصاف کی فراہمی کے حوالے سے چیف جسٹس کا آئینی،قانونی کردار قابل تحسین ہے، پی ٹی آئی رہنما فواد بٹ سے گفتگو

منگل 9 اکتوبر 2018 22:03

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اکتوبر2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے رہنما غلام علی خان نے کہاہے کہ تحریک انصاف گزشتہ چار سال سے شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء کو انصاف دلوانے کیلئے ساتھ رہی،حکومت میں شامل تمام ذمہ دار سانحہ ماڈل ٹائون کے ظلم سے اچھی طرح آگا ہ ہیں اسی لئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا کہنا ہے کہ وہ حصول انصاف کی اس قانونی جدوجہد میں تحریک انصاف سے اچھے کی امید رکھتے ہیں۔

وہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی اعجاز خان جازی، رہنماتحریک انصاف فوادبٹ سے گفتگو کررہے تھے۔انہوںنے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹائون ملکی تاریخ کا بد ترین سانحہ ہے،ریاست کے ادارے پولیس نے دن دیہاڑے معصوم شہریوں کو خون میں نہلایا اور اس اندوہناک سانحہ کی خبر پوری دنیا تک گئی تھی۔

(جاری ہے)

اس سانحہ سے پاکستان کا اسلامی،جمہوری تشخص بری طرح مجروح ہوا جسے صرف اور صرف کامل انصاف کی فراہمی سے ہی ٹھیک کیا جا سکتا ہے،انہوںنے کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف احتجاج میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا،نہ پہلے ان کے لئے لوگ نکلے نہ اب نکلیں گے ،انہوںنے کہا کہ حضرت عمرؓ سے کرتے کے زائد لپڑے کا حساب لیاجا سکتا ہے تو آج کے دور کے کرپٹ حکمرانوں کا کیوں نہیں، سانحہ ماڈل ٹائون کے انصاف کی فراہمی کے حوالے سے چیف جسٹس سپریم کورٹ کا آئینی،قانونی کردار قابل تحسین ہے،انہوںنے کہا کہ سابق حکمران نہ جمہوری ہیں نہ آئینی اور نہ ہی عوامی ہیں،اپنے ہی شہریوں کو گولیوں سے چھلنی کرنے بھوک،غربت اور بے روز گاری کی دلدل میں دھکیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، عوام کی جھوٹی ہمدردی حاصل کرنے کی ناکام کوشش کبھی کامیاب نہیں ھو گی۔