پاکستان اور امریکہ بھارتی جوہری منصوبوں تک پہنچ گیا

مودی سرکار نے سائنسدانوں کی کڑی نگرانی کا حکم جاری کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 10 اکتوبر 2018 12:05

پاکستان اور امریکہ بھارتی جوہری منصوبوں تک پہنچ گیا
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 اکتوبر 2018ء) : پاکستان اور امریکہ نے بھارت کے جوہری منصوبوں تک رسائی حاصل کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں واقع براہموس میزائل لیبارٹری میں کام کرنے والے سائنسدان نشانت اگروال کی جانب سے پاکستان اور امریکہ کو فراہم کردہ حساس جوہری معلومات کے پیش نظر مودی سرکار نے بھارت کی تمام جوہری منصوبوں میں کام کرنے والے سائنسدانوں پر کڑی نظر رکھنے کے احکامات جاری کر دئے ہیں۔

قومی اخبار میں شائع خبر میں بتایا گیا کہ واشنگٹن کے ایک معتبر سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سائنسدان نشانت اگروال نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میں نے جوہری بموں کی ٹیکنالوجی پاکستان ، امریکہ اور دیگر ممالک کو فروخت کی تھی ۔

(جاری ہے)

خفیہ اداروں کو موصول ہونے والی معلومات سے انکشاف ہوا کہ پاکستان کی ایجنسی آئی ایس آئی کے مخبر بھارت کے تمام حساس محکموں اور جوہری لیبارٹریز میں موجود ہیں۔

امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی سائنسدان نشانت اگروال کے بیان کو اگر درست مان لیا جائے تو پاکستان کسی بھی وقت بھارت میں موجود اپنے مخبروں کے ذریعے تباہی مچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس پر بات کرتے ہوئے پروفیسر اجے کمار شرما نے کہا کہ اس وقت بھارت میں مقبوضہ کشمیر سمیت دیگر 13 ریاستوں میں علیحدگی کی تحاریک چلائی جا رہی ہیں۔ اس حوالے سے بھارت میں ایک کہرام برپا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اگر پاکستان کی آئی ایس آئی کے مخبر بھارت میں موجود جوہری لیبارٹریز میں موجود ہیں تو اس کا صاف مطلب ہے کہ پاکستان بھارت کو شکست دینے کی پوری منصوبہ بندی کر چکا ہے۔

بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے الزام عائد کیا کہ یہ سب مودی حکومت کی ناکامی کا سب سے بڑا منہ بولتا ہے جس کی وجہ سے آج بھارت کی سلامتی خطرے میں ہے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان ، امریکہ اور دیگر ممالک کو بھارت کے جوہری منصوبوں کی معلومات فروخت کرنے والے بھارتی سائنسدان نشانت اگروال کو 18-2017ء کا ینگ سائنٹسٹ ایوارڈ بھی مل چکا ہے ۔