کامسیٹس یونیورسٹی میں نیشنل سپیس ایجنسی سپارکو کے تعاون سے ورلڈ سپیس ویک کی تقریبات اختتام پذیر ہو گئیں

ہفتہ 13 اکتوبر 2018 12:48

کامسیٹس یونیورسٹی میں نیشنل سپیس ایجنسی سپارکو کے تعاون سے ورلڈ سپیس ..
ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2018ء) کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد میں نیشنل سپیس ایجنسی سپارکو کے تعاون سے ورلڈ سپیس ویک کی تقریبات منعقد کی گئیں۔ ورلڈ سپیس ویک کی تقریبا ت کا مقصد سپیس سائنس کو انسانی فلاح کیلئے استعمال کرنا ہے۔ اقوام متحدہ نے 4 اکتوبر سے 10 اکتوبر تک ہونے والے ہفتہ کو سپیس ویک کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا اور یہ پاکستان سمیت 65 ممالک میں منایا جاتا ہے۔

پاکستان میں قومی خلائی ایجنسی سپارکو 2005ء سے لیکر آج تک ہر سال عالمی خلائی ہفتہ کے طور پر مناتی ہے جس کا مقصد طلبہ اور طالبات میں شعور بیدار کرنا اور عوام میں خلائی ٹیکنالوجی کے پرامن اور مفید استعمال کی آگائی اور علم میں اضافہ ہے۔ کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد میں9 اور 10 اکتوبر2018ء کو منعقد ہونے والی تقریبات میں ہزارہ بھر کے تقریباً 12 سکولوں اور کالجز نے حصہ لیا، اس سال کا تھیم ’’اتحاد عالم بذریعہ خلا‘‘ تھا۔

(جاری ہے)

کامسٹیس یونیورسٹی ایبٹ آباد میں ان تقریبات میں طلبہ و طالبات کے درمیان مختلف طرح کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جن میں مضمون نویسی کا مقابلہ، خلائی فوٹو گرافی کا مقابلہ، تقریری مقابلہ، ای پوسٹر اور خلائی کہانی کے ذریعہ زمین کی نئی جہتوں کی تلاش، پینٹنگ اور سکٹگ مقابلے عالمی خلائی کوئز، سٹیلائٹ ماڈل وغیرہ شامل ہیں، ان تمام مقابلوں کے اختتام پر ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ہزارہ بھر کے 200 سے زیادہ طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔

ان تقریبات کا اہتمام کامسیٹس یونیورسٹی کے طلبہ کی تین سوسائیٹیوں کامسیٹس لیٹریری سوسائٹی، فائن آرٹ کی سوسائٹی، انجینئرنگ کے طلبہ کی سوسائٹی نے کیا تھا۔ سپارکو کے ڈائریکٹر وزیر خان اور اسسٹنگ منیجر بلال خان نے خصوصی دلچسپی لی اور مہمانِ خاص کے طور پر شرکت کی۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر محمد مشتاق خان چیئرمین ہیومینٹی ڈیپارٹمنٹ تھے۔ انہوں نے اس موقع پر خلائی تحقیق اور اس کے پرامن استعمال کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس تقریب میں ہفتہ طلبہ کے انچارج ڈاکٹر امجد حسن نے فعال کردار ادا کیا۔