Live Updates

پنجاب کا تازہ بجٹ مایوس کن ، ضمنی الیکشن میں اپوزیشن کی جیت جنرل الیکشن میں دھاندلی کا ثبوت ہے،شاہ محمد اویس نورانی

بدھ 17 اکتوبر 2018 20:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اکتوبر2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ پنجاب کا تازہ بجٹ مایوس کن ہے۔ ضمنی الیکشن میں اپوزیشن کی جیت جنرل الیکشن میں دھاندلی کا ثبوت ہے۔ ضمنی انتخابات کے نتائج نے حکومت کی عدم مقبولیت ثابت کر دی ہے دھاندلی کی تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمیٹی کا قیام خوش آئند ہے۔

زینب کے قاتل کو پھانسی دینے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ عدلیہ جنرل مشرف کی نازبرداریاں بند کرے۔ اساتذہ کے لئے ہتھکڑیاں اور مشرف کے لئے سہولتیں انصاف کا دوہرا معیار ہے۔ عوام کے ذہنوں میں حکومت کے خلاف نفرت، مایوسی اور بیزاری پیدا ہو چکی ہے۔ بوکھلائی ہوئی حکومت پر گھبراہٹ طاری ہے۔

(جاری ہے)

فارورڈ بلاک ن لیگ نہیں پی ٹی آئی میں بننے کے امکانات ہیں کیونکہ سرکاری عہدوں سے محروم رہ جانے والے پی ٹی آئی کے ممبران اپنی پارٹی سے مایوس ہو چکے ہیں۔

قوم جلد گرینڈ اپوزیشن کے قیام کی خوشخبری سنے گی۔ ضمنی الیکشن میں اپوزیشن کی شاندار کامیابی جمہوریت کی فتح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو پی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ اپوزیشن نے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی نہیں حکومت کو شکست دی ہے۔ اپوزیشن نے احتجاج کی کال دی تو پوری قوم سڑکوں پر نکلے گی۔

دھاندلی زدہ کمزور حکومت پچاس دنوں میں ہی لڑکھڑانے لگی ہے۔ حکومت مہنگائی کا طوفان روکنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ نیب کی غیر جانبداری پر کئی سوالیہ نشان لگ چکے ہیں۔ نیب کو اپوزیشن کو ڈرانے دھمکانے کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ شہباز شریف کی گرفتاری انتقامی کاروائی ہے۔ خواجہ سعد رفیق اور زاہد اکرم درانی نے عمران خان کی جیتی نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کی ہے۔

قومی اسمبلی میں ایم ایم اے کی ایک نشست کا اضافہ خوش آئند ہے۔ مولانا فضل الرحمن پر تنقید کرنے والے اب کشمیر کمیٹی کو فعال کیوں نہیں کر رہے۔ دو ماہ گزر جانے کے باوجود کشمیر کمیٹی کا نیا چیئرمین نامزد نہیں کیا جا سکا۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن کی آڑ میں غریبوں کی جھونپڑیاں گرائی جا رہی ہیں۔ قوم احتساب کے نام پر ہونے والے تماشے سے بیزار ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات